
کشمیر کے سینئر صحافی منیر حسین حرہ کو یوم جمہوریہ کے موقع پر اعزاز سے نوازہ گیا ہے۔ منیر حسین حرہ نیوز 18 سے وابستہ ہیں۔ انہیں یہ اعزاز بارہمولہ میں عوامی اہمیت کے روزمرہ کے مسائل کو روشن کرنے کے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئےدیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران انہیں یہ اعزاز دیاگیا۔

اس موقع پر ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن سفینہ بیگ، ڈی سی بارہمولہ منگا شیرپا، اور ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک ناگپوری کے ساتھ ساتھ دیگرسرکاری افسران اور صحافی موجود تھے۔منیر حسین حرہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا، “یہ اعزاز حاصل کرنا واقعی باعث فخر ہے۔ صحافت ایک ذمہ دارشعبہ ہے، اور مجھے کمیونٹی ڈائیلاگ میں حصہ ڈالنے کا اعزاز حاصل ہے۔”

حرہ کی سیاحت کی وسیع کوریج، جس میں گلمرگ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، نے نہ صرف اس خطے کی خوبصورتی کی نمائش کی ہے بلکہ سیاحت کی اقتصادی اور ثقافتی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ ان کی اسٹوریز نےضلع کی کثیر جہتی شناخت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔