
ملک میں عام لڑکیاں تو کیا وہ خواتین کھلاڑی بھی جنسی طور سے محفوظ نہیں ہیں جو بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرتی ہیں۔
خواتین پہلوانوں کی جنسی ہراسانی کا معاملہ طول پکڑٹا جا رہا ہے۔ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا ‘ڈبلیو ایف آئی ‘کے صدر بی جے پی لیڈر برج بھوشن سنگھ پر کم از کم دس خواتین پہلوانوں نے جنسی طور سے ہراساں کرنے کا الزام لگا ہے۔ خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سامنے کم از کم 10 خواتین کھلاڑیوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن سنگھ نے ان کا جنسی استحصال کیا ہے۔ ونیش پھوگاٹ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ دہلی میں جنتر منتر پر برج بھوشن کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا پر بیٹھی ہیں۔

بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ بلند کرنے والی بی جے پی حکومت نے اب تک خواتین پہلوانوں کے الزام پر کوئی کاروائی نہیں کی ہے برج بھوشن نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ادھر وزارت کھیل نے اس معاملے پر ریسلنگ فیڈریشن سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ریسلنگ کی عالمی کھیلوں کی تنظیم یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کا کہنا ہے کہ انھیں ہندستانی خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے انڈین ریسلنگ گورننگ آرگنائزیشن کے خلاف لگائے گئے الزامات کے بارے میں معلوم ہوا ہے اور انھوں نے اس پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر گورڈن ٹیمپلمن نے ایک ای میل میں کہا کہ یو ڈبلیو ڈبلیو کیس کی تحقیقات کے بعد ضرورت پڑنے پر ضروری کارروائی کرے گا۔

2014, 2018 اور 2022 کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ واحد ہندستانی خاتون پہلوان ہیں جنہوں نے ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ کے مختلف مقابلوں میں متعدد تمغے جیتے ہیں۔ پھوگاٹ 2019 میں لاریئس ورلڈ سپورٹس ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے پہلی انڈین کھلاڑی بنیں۔انھوں نے 2013 سے ہونے والے ہر ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ میں سونے، کانسی یا طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ 28 برس کی ونیش پھوگاٹ ایشین گیمز 2018 میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہیں۔وہ معروف ریسلنگ کوچ اور سابق ریسلر مہاویر پھوگاٹ کی بھانجی اورچیمپیئن ریسلرز گیتا اور ببیتا پھوگاٹ کی کزن ہیں۔

ونیش پھوگاٹ اور دوسری خواتین پہلوان کھلاڑیوں نے دھمکی دی ہے کہ جب تک برج بھوش سنگھ کو ان کے عہدے سے برطرف نہیں کیا جاتا، وہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ نہیں لیں گی۔ انھوں نے اس وقت تک اپنا احتجاج ختم نہ کرنے کا بھی اعلان کیا جب تک حکومت ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے سن کر اس پر کوئی فیصلہ نہیں کرتی۔مرکزی حکومت کی مجرمانہ خاموشی کو دیکھتے ہوئے دھنرنا پر بیٹھی کھلاڑیوں نے برج بھوشن کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی بھی دھمکی دی ہے۔