کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن اسرائیلی جنونیوں کے ہاتھوں کسی بے گناہ فلسطینی کاخون نہ بہتا ہو۔فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی بستیوں میں آباد کاروں کے ہاتھوں 4 فلسطینی نوجوان شہید ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق 19 سالہ لبیب ضمیدی جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، لبیب کو ایک صہیونی آباد کار نے سینے میں گولی ماری تھی۔
جمعرات کی شام، صیہونیوں، یا آباد کاروں نے، جنہیں اسرائیلی فوجیوں کی حمایت حاصل تھی، نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ پر دھاوا بول دیا، صہیونی فسادیوں نے فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ہنگامہ آرائی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی اور مظاہرین کو آنسو گیس کے گولوں سے نشانہ بنایا۔ضمیدی کی شہادت سے چند گھنٹے قبل جمعرات کو اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے ہاتھوں مزید تین فلسطینی نوجوان شہید ہوئے۔