
نہٹور کے مہدی ولا میں میں قائم ‘شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاونسلنگ سینٹر’ کی مفت خدمات کا مسلسل سفر 36ویں ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ ‘سوستھ نہٹور’ مہم کے تحت کی جانے والی ان عوامی خدمات میں بنیادی طور پر لوگوں کے شوگر اور بلڈ پریشر لیول کی جانچ، ان کی کاؤنسلنگ (رائے مشورہ) اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہیلتھ والنٹیر تیار کرنا شامل ہے۔

معاشرے میں صحت سے متعلق بیداری بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان خدمات میں بامقصد تعلیم کے تئیں بیداری بڑھانا بھی شامل ہے جس کے لیے 12ویں پاس طلبہ کے لیے کئی رہنمائی اور مشاورتی جلسے منعقد کئے گئے۔
سنٹر کے بانی اور منیجر غزال مہدی نے بتایا کہ اب تک 800 سے زائد افراد ان مفت طبّی خدمات سے فیض یاب ہو چکے ہیں اور 30 سے زائد ہیلتھ رضاکار سنٹر سے وابستہ ہو کر ان خدمات میں اپنا رول ادا کر ہے رہے ہیں۔

نہٹور میونسپلٹی کے لئے تیسری بار منتخب کونسلر ریاست علی (بونٹس) نے مرکز کا دورہ کیا اور وہاں طبی جانچ کرائی۔ انہوں نے ہیلتھ والنٹیروں سے مرکز کی طرف سے فراہم کی جانے والی مفت خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی اور عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی۔ ان خدمات کے دائرہ کار کو پھیلانے اور صحت سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے کونسلر بونٹس نے ماہِ جولائی میں اپنے وارڈ میں ‘شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر’ کی جانب سے طبّی کیمپ کا اہتمام کرنےکا اعلان کیا۔

غزال مہدی نے اس تعاون کے لئے بونٹس کا شکریہ ادا کیا اور ‘سوستھ نہٹور’ مہم کو تیز کرنے کے لیے شعبہ صحت کے ضلع اور مقامی سطح کے سرکاری افسران، اور عوام سے تعاون کی اپیل کی۔