امریکہ سعودی عرب میں اپنے قدم اور مضبوطی کے ساتھ جما رہا ہے۔امریکی فوج سعودی عرب میں ایک عسکری تجربہ گاہ قائم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے تین عہدیداروں نے اس منصوبے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون طیاروں کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں قائم ہونے والی تجربہ گاہ میں نئی ٹیکنالوجی کی آزمائش کی جائے گی۔یہاں دفاعی صلاحیت کے حامل میزائل تیار ہوں گے اور ان کے تجربات کیے جائیں گے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ڈیو ایسٹ برن کا کہنا ہے کہ ابھی یہ منصوبہ غور و فکر کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور مشرق وسطیٰ میں اس کے اتحادی ممالک اس تجربہ گاہ میں تربیت حاصل کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق تجربہ گاہ کا خیال سینٹ کام کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا نے جولائی کے دوران دورہ سعودی عرب میں پیش کیا تھا، ان کے خیال کی سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں نے بےحد پذیرائی کی تھی۔