معروف صوفی بزرگ حضرت منتجب الدین چشتی المعروف زر زری زر بخش دولہا کی سات سو چھتیس ویں عرس تقاریب کا آغاز دو اکتوبر سے ہونے والا ہے ۔ درگاہ انتظامیہ کمیٹی کا کہنا ہیکہ عرس کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں ۔ تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔
سیکورٹی، پانی ، لائٹ اور عقیدت مندوں کے قیام کی سہولیات بھی رکھی گئیں ہیں۔ حضرت زرزری زر بخش دولہا کی عرس تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہتی ہے ، جس میں فاتحہ ، فراشے ، اور صندل مالی نکالا جاتا ہے ۔ یہ صندل درگاہ برہان الدین غریب سے نکالا جاتا ہے ۔
عرس کی ان تقاریب میں ملک بھر کی مختلف ریاستوں سے کثیر تعداد میں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں ۔ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال تک عرس تقاریب کا سلسلہ محدود پیمانے پر رہا لیکن اس مرتبہ بڑے پیمانے پر عرس تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
زرزری زر بخش کی درگاہ میں رسول اکرم کا پیراہن مبارک بھی موجود ہے عرس کے دوران اسکی زیارت بھی کرائی جاتی ہے۔عرس کے موقع پر میلہ بھی لگتا ہے جس میں تفریح اور لوگوں کی دلچسپی کا سامان مہیا ہوتاہے۔زرزری زر بخش کی درگاہ اورنگ آباد کے مضافات میں خلد آباد میں واقع ہے۔