سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انکے سیاسی کیرئر کا ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے انہیں آئندہ کے صدارتی انتخاب میں امیدوار بننے کا نا اہل ٹھہرا دیا ہے۔۔ کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ سنہ دوہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں امیدوار بننے کے اہل نہیں ہیں۔ ریاست کولوراڈو کی عدالت کے فیصلے میں کہاگیا ہے کہ اس عدالت کے سات میں سے چار ججوں کا خیال ہے کہ ٹرمپ کو ریاستہائے متحدہ کے آئین کی چودہویں ترمیم کی تیسری شق کی بنیاد پر صدر کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔
امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی عدالت نے صدارتی امیدوار کو اٹھارہ سو اڑسٹھ کی شق کے تحت نااہل قرار دیا ہے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کے لئے اپیل دائر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت ٹرمپ کی نااہلی سے متعلق اسی طرح کے معاملے ٹیکساس، نیواڈا اور وسکانسن سمیت تیرہ دیگر امریکی ریاستوں میں عدالتوں میں زیر غور ہیں۔
2020 کا صدارتی چناؤ ہارنے کے دو مہینے بعد 6 جنوری2021 کو ٹرمپ کے حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ہل بلڈنگ پر حملہ کردیا تھا۔ ٹرمپ حامیوں کی کوشش تھی کہ الیکٹورل کالج کے ووٹ شمار کرنے سے کانگریس کے مشترکہ اجلاس کو روک دیا جائے