ایران کے یونیورسٹی طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے تہران میں ہندوستانی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کر کے، باپردہ طالبات کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کی مذمت کی ہے۔
تہران کی مختلف یونیورسٹیوں کے سیکڑوں طلبہ و طالبات ہندوستانی سفارت خانے کے سامنے جمع ہوئے اور انہوں نے کرناٹک اور بعض دوسری ریاستوں میں باپردہ طالبات کو تعلیم سے محروم کرنے کی مذمت میں نعرے لگائے۔
احتجاجی طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت ہندوستان سے مذکورہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
طلبہ و طالبان نے ایران کی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا وہ اس معاملے میں حکومت ہندوستان سے باضابطہ بات چیت کرے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی ریاست کرناٹک نے کچھ دن قبل، اسکولوں اور کالجوں میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت کرناٹک کے فیصلے کے خلاف پورے ہندوستان میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔