تاجکستان کے شہر دوشنبے میں ایشیا کی سب سے بڑی مسجد تعمیر کی گئی ہے۔ مسجد کا افتتاح قطر کےامیر تمیم بن احمد الثانی کے ہاتھوں ہوا۔ مسجد کے افتتاح کے لئے تاجکستان کے 28 ویں یوم آزادی کو منتخب کیا گیا۔12 ہیکٹئر رقبع پر تعمیر اس مسجد میں 120 ہزار نمازیوں کے عبادت کرنے کی گنجائش ہے۔
مسجد تقریباً 14 سال میں بن کر تیار ہوئی ہے اس پر 100 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔ اس میں 4 مینار ہیں ۔ہر مینار کی اونچائی 74 میٹر ہے۔ دو چھوٹے مینار ہیں۔ ہر مینار کی اونچائی 21 میٹر ہے۔ ایک بڑا گنبد جس کی اونچائی 43 میٹر ہے اور 17 چھوٹے گنبد شامل ہیں اور ہر گنبد کی 35 میٹر کی اونچائی ہے۔ امام ابو حنیفہ کے نام پر تعمیر ہونے والی اس مسجد کا سنگ بنیاد اکتوبر 2009 میں صدر امام علی رخمون نے رکھا تھا۔ دوشنبے کے شمال میں قائم اس مسجد کی تعمیر اکتوبر 2011 میں شروع ہوئی۔ تاجکستان اور قطری حکومت نے مل کر مسجد کی تعمیر کے اخراجات برداشت کئے۔
مسجد کے احاطے میں ایک لائبریری، میوزیم، کانفرنس ہال، انتظامیہ کی عمارتیں، ڈائننگ روم، اور چار ہزار کاروں کی گنجائش والا پارکنگ ایریا موجود ہے۔ مسجد کی تعمیر میں تاجکستان اور غیر ملکوں کے 600 سے زیادہ ماہرین نے حصہ لیا۔