
شامی فوج ملک کے جنوبی حصے دارالبلد میں داخل ہو گئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے والا یہ آخری علاقہ تھا۔کئی برس بعد اب یہاں شامی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ شامی فوجی بدھ کی صبح دار البلد میں داخل ہوئے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ذریعے چھوڑے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو اپنے قبضے میں لے لیا اور علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا کام شروع کردیا۔ شامی فوج نے علاقے کی اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا اور لوگوں کو تحفظ اور سلامتی کا یقین دلایا۔

14 اگست کو شامی حکومت اور باغیوں میں ایک معاہدہ ہوا تھا جسکے تحت فوج علاقے میں اپنے مورچے قائم کرےگی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ شامی فوج اب ملک کے بیشتر حصے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا چکی ہے۔