‘انسان کو بیدار تو ہو لینے دو۔ ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین’ جوش ملیح آبادی کا یہ شعر ہوشیار پور پنجاب کے نوجوان صوفی راج انسان کے اوپر پوری طرح صادق آتا ہے۔ صوفی راج انسان جین مذہب سے تعلق رکھتے ہیںلیکن محب اہل بیت ہیں بالخصوص شہزادی سکینہ بنت حسین سے والہانہ عشق کرتے ہیں۔ ہوشیار پور میں وہ بی بی سکینہ کا روضہ تعمیر کرا رہے ہیں۔بی بی سکینہ کی ضریح کے سلسلے میں مراد آباد آئے تو امروہا کے عزا خانوں اور عزاداری کی شہرت سن کر امروہا بھی آئے۔
یہ بھی اتفاق ہی ہے کہ بی بی سکینہ سے خصوصی محبت کرنے والے صوفی راج انسان اس روز امروہا آئے جس روز امروہا کے عزادار بی بی سکینہ کی شہادت کے غم میں ڈوبے ہوئے تھے۔صوفی راج انسان نے عزا خانہ وزیر النسا میں جاری عشرہ اربعین کی ایک مجلس عزا میں شرکت بھی کی۔ اس عشرہ مجالس کو ذاکر اہل بیت اسد یاور خطاب کررہے ہیں۔
صوفی راج انسان نےعزاداروں سے خطاب کرتے ہوئےاہل بیت سے اپنے عشق کا اظہار بھی کیا۔
صوفی راج انسان ‘صوفی اسلامی بورڈ ‘کے صدر ہیں۔انہوں نے ہوشیار پور میں ایک مذہبی اور رضاکار سوسائٹی ‘سرو دھرم خواجہ مندر” بھی قائم کررکھی ہے۔یہ سوسائٹی مختلف مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششیں کرتی ہے۔2009 میں صوفی راج اور انکی اہلیہ کی شکل میں صرف دو عزادار ہوتے تھے لیکن آج تقریباً ڈھائی سو خاندان اہل بیت سے محبت کرتے ہیں اورکربلا والوں کی عزاداری کرتے ہیں۔ صوفی راج نے اہل امروہا کو دعوت دی کہ بی بی کا روضۃ تعمیر ہونے کے موقع پر ہوشیار پور آئیں۔