واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے فلسطینیوں نے انوکھے طریقے سے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نےسیکڑوں چمچے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے پھینکے ۔ فلسطینی مظاہرین نے سفارتخانے کے سامنے چمچے پھینک کر اسرائیلی سیکورٹی کا مذاق اڑایا۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی سخت سیکورٹی والی جلبوع جیل سے چھ فلسطینی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
ان میں چار قیدی عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے ایک قیدی کو سزا کا انتظار تھا جبکہ ایک قیدی خصوصی گرفتاری حکم کے تحت جیل میں تھا۔ ان سب کا تعلق فلسطین کی مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد سے تھا اور یہ سب جنین علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔۔ ان قیدیوں نے زنگ آلود چمچے کی مدد سے ایک سرنگ کھودی تھی اور اس سرنگ کی مدد سے جیل سے فرار ہوگئے تھے۔
ایک ہفتے بعد فرار شدگان میں سے چار کو گرفتار کرلیا گیا۔ جہاں ایک طرف اسرائیلی سیکورٹی اہلکار قیدیوں کے جیل سے فرار ہونے کے واقعہ سے شرمندگی کا شکار تھے وہیں فلسطینی عوام مغربی کنارے میں جشن منا رہے تھے۔ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے چمچے پھینک کر فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی سیکورٹی کا مذاق اڑایا۔ اور اسرائیلی حکام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا۔ قیدیوں نے چمچے کی مدد سے سرنگ اپنی بیرک کا فرش کھود کی بنائی تھی۔