The Challenge فلم دنیا کی پہلی ایسی فلم ہوگی جسکی شوٹنگ خلا میں ہوگی اور خلا میں فلم بنانے والا پہلا ملک روس ہوگا۔
روسی ٹیم فلم ‘The Challenge’ کی شوٹنگ کے لیے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن روانہ ہوگئی ہے۔ مشن کامیاب ہونے پر روس خلامیں فلم بنانے والا دنیا کا پہلا ملک بن جائےگا۔
فلم تیار کرنے والے عملے میں کل تین افراد شامل ہیں جن میں روسی اداکارہ یولیاپیریسِلڈ ، فلم ڈائریکٹر کم شیپینکو اور معروف روسی خلا باز انٹن شکیپلیروو شامل ہیں۔یہ تینوں افراد 12 روز تک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں رہیں گے اور فلم کی شوٹنگ کریں گے ۔یہ کسی بھی ملک کی طرف سے پہلی مرتبہ خلا میں فلم کی عکس بندی ہوگی۔
خیال رہےکہ ہالی وڈ اداکار ٹام کروز نے خلا میں فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں انہیں امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا اور ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا تعاون حاصل ہوگا لیکن روس اس معاملے میں امریکہ سے بازی مار لے گیا اور اس نے اپنی ٹیم خلا میں روانہ کردی ہے۔(بشکریہ۔ جیو نیوز)