ابو ظہبی میں قائم سوبھا گروپ کے پی این سی مینن ایک کٹر ہندو ہیں لیکن قرآن مجید پر انکا ایمان پختہ ہے۔
قرآن کریم کی سورہ آل عمران کی آیت نے پی این سی مینن کی قسمت بدل کر رکھ دی۔ رپورٹ کے مطابق پی این سی مینن سوبھا گروپ کے بانی اور چیئرمین ہیں اور وہ اربوں ڈالر مالیت کی رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی کمپنی کو سنبھالتے ہیں جو کہ متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین، قطر اور ہندوستان سمیت کئی ممالک پر محیط ہے۔
مینن نے اپنی زندگی کے بڑے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 35 سال قبل وہ اپنے کاروبار کے حوالے سے تباہی کے دہانے پر تھے۔انکےکاروبار کو بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا اور وہ حا لات کو درست کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔سوبھا گروپ کے بانی اور چیئرمین نے کہا کہ وہ اس وقت امید اور مایوسی کے درمیان پھنسے ہوئے تھے جب ان کے عمانی بزنس پارٹنر سلیمان العدوی نے انہیں قرآن پاک کا ایک خوبصورت نسخہ تحفے میں دیا اور مجھے مسقط میں اپنے گھر کے باہر سورہ آل عمران کی ایک آیت لگانے کو کہا اور میں نے ایسا ہی کیا۔
عمانی بزنس مین نے سورہ آل عمران کی آیت نمبر 160 کا حوالہ دیا جس کا ترجمہ ہے۔’’ اگر اللہ تمہاری مدد کرے گا تو تم پر کوئی غالب نہ ہوسکے گا اور اگر اس نے مدد چھوڑ دی تو پھر ایسا کون ہے جو اس کے بعد تمہاری مدد کر سکے اور مسلمانوں کو اللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہیے ‘‘۔مینن نے کہا کہ انہیں اس آیت کو گھر کے باہر لگانے سے حیرت انگیز نتیجہ ملا اوردیکھتے ہی دیکھتے انکے تمام مسائل حل ہوگئے اور سب چیزیں اپنی جگہ پر آگئیں۔ بزنسمین نے کہا کہ تب سے انہوں نے اس آیت کو اپنے تمام گھروں اور دفاتر بشمول متحدہ عرب امارات اور ہندوستان میں مستقل طور پر لگا رکھا ہے۔
72سالہ کٹر ہندو اور سوبھا گروپ کے بانی مینن نے کہا کہ میں اپنی جیب میں ہمیشہ اس آیت کو رکھتا ہوں اور اس سے میں محفوظ اور راحت محسوس کرتا ہوں جبکہ قرآن پاک کی یہ آیت میرے بیٹے اور بیٹیوں کے گھروں میں بھی لگی ہوئی ہے۔(بشکریہ۔حوزہ نیوز)