سعودی عرب میں شیعوں پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ دراز ہوتا چلا جارہا ہے۔ مدینہ منورہ میں شیعوں کے سب سے بزرگ عالم دین علامہ شیخ کاظم العمری کو دوسری بار گرفتار کیا گیا ہے۔ شیخ کاظم العمری سعودی عرب کے معروف شیعہ عالم دین علامہ محمد العمری کے فرزند ہیں۔ وہ سعودی عرب اور مدینہ منورہ کی اہم شخصیات میں شامل ہیں۔
2010 میں بھی شیخ کاظم العمری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ سعودی فوجیوں نے مدینہ میں انکے باغ پر حملہ کیا تھا۔ جہاں ایک مذہبی مرکز، مسجد اور انکا دفتر قائم ہے۔ اس وقت بھی سعودی عرب اور دیگر ملکوں کے شیعوں نے زبر دست احتجاج کیا تھا۔
امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی نظر میں سعودی عرب کو سیکیولر اور لبرل ملک بنانے کے چکر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مذہبی لیڈروں کو جیل میں ٹھونس رہے ہیں۔ ان مذہبی لیڈروں میں سنی اور شیعہ دونوں شامل ہیں۔ شیعہ نوجوان اور بالخصوص شیعہ علما سعودی حکومت کی نگاہوں میں ہمیشہ کھٹکتے رہتے ہیں۔ چند برس پہلے شیعہ عالم دین اور سعودی حکومت کی کرتوتوں کے خلاف آواز بلند کرنے والے شیخ باقر النمر کو پھانسی دیدی گئی تھی۔ شیعہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انکی گھنی آبادی والے علاقے ہر قسم کی ترقی سے محروم ہیں۔