امام رضا علیہ سلام کے حرم مبارک میں ویسے تو ہمیشہ ہی رونق رہتی ہے۔ ملک اور بیرون ملک سے زائرین اور عقیدت مندوں کا تانتا لگا رہتا ہے لیکن رمضان المبارک میں حرم کی رونق دن دو گنا رات چوگنا ہو جاتی ہے۔قرآن کریم کی تلاوت کی ملکوتی آواز حرم امام رضا کی فضا کو مزید روحانی اور نورانی بنا دیتی ہے۔
رمضان المبارک کی نورانی راتوں میں”ابناء الرضا (ع)” کی تلاوت کا پروگرام امام رضا علیہ السلام کے دارالحجہ صحن میں منعقد ہوتا ہے، جہاں نوجوان قاریوں کی آواز میں قرآن مجید کی تلاوت سنی جاتی ہے۔ رمضان کے مہینے میں ہونے والا یہ قرآنی پروگرام ہر رات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے سے سے ساڑھے نو بجے تک امام رضا علیہ السلام کے زائروں اور مجاوروں کا استقبال کرتا ہے۔
امام رضا علیہ السلام کے حرم میں پہلی بار “ابناء الرضا” کے عنوان سے نوجوان قاریوں کے ذریعے قرآن مجید کی تلاوت کا پروگرام منعقد ہو رہا ہے. اس پروگرام میں 12 سے 18 سال تک کی عمر کے 30 نوجوان شرکت کرتے ہیں اور ہر رات چار نوجوان قاریوں کے ذریعے امام رضا علیہ السلام کے حرم کے رواق الحجہ میں قرآن مجید کے ایک پارے کی تلاوت کی جاتی ہے اس نورانی پروگرام میں زائروں اور مجاوروں کی پرجوش موجودگی امام رضا علیہ السلام کے حرم اور دیگر ثقافتی مذہبی اور قرآنی مقامات اور اداروں میں ان اجتماعات کی توسیع کا سبب بن سکتی ہے .
امام رضا علیہ السلام کے حرم کے قرآنی پروگرام کے ماہر مجتبی ریختہ گرزادہ “ابناء الرضا علیہ السلام” کے قرآنی اجلاس کے انعقاد کے بارے میں کہتے ہیں: یہ قرآنی اجلاس نوجوانوں اور اہل قرآن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور دوسروں کو اس جانب ترغیب دلانے کی غرض سے منعقد کیا گیا ہے ۔ جب ایک نوجوان امام رضا علیہ السلام کے روضہ جیسے روحانی ماحول میں اور ایک رسمی پروگرام میں قرآن کی تلاوت کرتا ہے تو لوگوں کی طرف سے اس کی بہت حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اس طرح دوسرے نوجوان بھی قرآنی سرگرمیوں کے میدان میں آنے کی خواہش کرتے ہیں.
حرم میں تلاوت کا ایک الگ ہی لطف ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترتیل خوانی کے اس پروگرام میں تلاوت کرنے والوں کا کہنا ہیکہ مسجدوں ، امام بارگاہوں اور ملک و بیرون ملک کے بڑے اجتماعات میں تلاوت کرنے اور امام رضا علیہ السلام کے حرم میں تلاوت کرنے میں بہت فرق ہے۔ کیونکہ حرم مبارک میں ایسا لگتا ہے کہ یہاں کا روحانی اور معنوی ماحول قاری کے وجود کے تانے بانے میں رچ بس جاتا ہے، اور یہی بات قاری کو الگ انداز کی تلاوت پر مجبور کر دیتی ہے.
“ابناء الرضا (ع)” کی ترتیل خوانی کا یہ پروگرام رمضان المبارک کی اس موسم بہار کی رات کو ختم ہوتا ہے اور اس حرم کے زائرین اور مجاورین کہ جن کے دلوں پر نوجوانوں کی بہترین آواز میں تلاوت کی ہوئی قرآن مجید کی آیتیں نقش کرگئی ہیں وہ سب ان نوجوان قاریوں کی توفیقات اور ان کے روشن مستقبل کی دعا کے ساتھ صحن دارالحجہ سے اس امید کے ساتھ نکلتے ہیں کہ پھر کسی رات ایسے نورانی پروگرام میں شرکت کا شرف حاصل ہوگا،نوجوان قاری بھی خوش ہیں کہ انہوں نے مہربان امام کے زائرین کے چہروں پر اطمینان کی مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے۔۔https://www.qaumikhabrein.com/news/mashhad-imamreza-shrine-services/