مصری میڈیا ذرائع نے جامعہ الازہر کے شیخ کے عراق کے ممکنہ دورے اور آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کی اطلاع دی ہے۔۔
مصری سینیٹ کے رکن خالد قندیل نے الازہر کے شیخ احمد الطیب الحسنی کے ممکنہ دورہ نجف اور آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔
خالد قندیل کے مطابق شیخ الازہر کے اس سال کے شیڈول کے مطابق وہ نجف اشرف کا دورہ کریں گے اور آیت اللہ سیستانی سے خاص طور سے ملاقات کریں گے۔اس سے قبل باخبر ذرائع نے عراق کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے لیے شیخ الازہر کے ممکنہ سفر کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ دورہ آئندہ جولائی میں ہو سکتا ہے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ مصر کی جامعہ الازہر کے شیخ آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کریں گے۔پوری دنیا کے شیعو ں کے مرجع تقلید آیت اللہ سیستانی وہ شخصیت ہیں کہ بڑے بڑے ملکوں کے سربراہان اور سفیران ان سے ملاقات کے مشتاق رہتے ہیں لیکن آیت اللہ سربراہان مملکت سے ملاقات سے پرہیز کرتے ہیں۔ لیکن وہ مختلف مذاہب کے روحانی پیشواؤں سے ملاقات کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ دو برس قبل کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پوپ ان سے ملاقات کے لئے نجف میں انکی رہائش گاہ پر حاضر ہوئے تھے۔