شمالی کوریا نےافغانستان میں امریکی جنگ کو حقوق انسانی کے جرائم سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس نے افغانستان میں بے گناہ لوگوں کے خلاف بھاری تباہی والے مظالم کئے۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر مظالم کے لئے امریکہ کے خلاف مقدمہ چلنا چاہئے۔
بیان کے مطابق دنیا بھر میں یہ آواز اٹھ رہی ہیکہ افغانستان میں بے قصور لوگوں کے خلاف تباہی والے مظالم کے لئے امریکی فوجیوں کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہونچایا جائے اور مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے عالمی اداروں اور ملکوں کی رپورٹوں کا حوالہ دیا ہے جنکے مطابق امریکہ کی قیادت میں جنگ لڑنے والے فوجیوں نے مظالم ڈھائے اور تباہی برپا کی۔ بیان کے مطابق امریکی فوجیوں نے جس ملک پر بھی چڑھائی کی حقوق انسانی کی زمین کو بنجر بنا دیا۔ امریکہ نے یہ حرکتیں حقوق انسانی کا مسیحا ہونے کی آڑ میں دنیا کے مختلف حصوں میں کیں۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہیکہ امریکہ اور اسکے بعض اتحادیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے افغانستان پر چڑھائی کی اور طالبان کی حکومت کو اکھاڑ پھینکا۔ حملے اور جنگ نے افغانستان کی سلامتی صورتحال کو ابتر کردیا۔ ناقص منصوبی بندی اور جنگ زدہ ملک سے امریکی فوجیوں کی عجلت میں واپسی کی وجہ سے طالبان ایک بار پھر اقتدار میں آگئے ہیں۔