ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری نے ملک کی پہلی مسلم نیوروسرجن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر مریم عفیفہ نے اپنی تعلیم کا آغاز ریاست مہاراشٹر کے مالیگاؤں شہر کے ایک اردو میڈیم اسکول سے کیا تھا۔ اس کے بعد وہ جنوبی شہر حیدرآباد چلی گئیں اور حیدرآباد میں بھی دسویں جماعت تک ان کی تعلیم کا میڈیم اردو ہی تھا۔ دسویں جماعت میں ڈاکٹر مریم عفیفہ نے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
مریم عفیفہ انصاری نے عثمانیہ میڈیکل کالج، حیدرآباد، سے ایم بی بی ایس کیا اور اسی کالج سے جراحت یا سرجری میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران انہوں نے 5 طلائی تمغے حاصل کئے تھے۔
ڈاکٹر مریم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈاکٹر بننے کا ان کا خواب پورا ہوگیا ہے، میری کامیابی اللہ کا تحفہ ہے۔ مریم نے کہا کہ وہ اپنے پیشے کے ذریعے برادری کی خدمت کرنے کی کوشش کریں گی۔مسلم لڑکیوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہار نہ مانیں، کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دیں کہ آپ یہ نہیں کر سکتیں۔ کامیابی حاصل کرکے لڑکیوں کے بارے میں لوگوں کے خیالات غلط ثابت کردیں۔ مریم کی والدہ ٹیچر ہیں۔ انھیں اپنی بیٹی پر فخر ہے۔ ڈاکٹر مریم عفیفہ کو مصوری اور خطاطی میں بھی مہارت حاصل ہے۔