مہاراشٹر میں مسلمانوں کو ان کی پسماندگی کی بنیاد پر ریزرویشن دلانے کے لیے ایم آئی ایم نے چلوممبئی کا نعرہ دیا ہے ۔آج ریاست کے مختلف اضلاع سے ریلی کی شکل میں گاڑیوں کا قافلہ ممبئی پہونچ رہا ہے۔ ممبئی پہنچ کر یہ ریلی ایک مقام پر جلسے میں تبدیل ہو جائے گی، اس جلسے سے ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی خطاب کرینگے ، اس بات کی جانکاری اورنگ آباد میں ایک پریس کانفرنس میں ایم پی امتیاز جلیل نے دی۔
یہ پریس کانفرنس اورنگ آباد کے صو بیداری گیسٹ ہاؤس میں ہوئی۔جس میں ایم پی امتیاز جلیل نے ترنگا ریلی کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر کی سیکولر پارٹیاں مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن کی بات تو کرتی ہیں لیکن مسلمانوں کے جس پچھڑے طبقے کو عدالت نے تعلیم اور ملازمت میں پانچ فیصد ریزرویشن دینے کی ہدایت کی ہے اس معاملے پر انہیں سانپ سونگھ جاتا ہے ۔ ایم پی جلیل نے دعوی کیا کہ موجودہ ادھو ٹھاکرے حکومت کے دو سال مکمل ہوگئے لیکن حکومت نے مسلمانوں کی طرف توجہ دیتا مناسب نہیں سمجھا۔ اسی طرح مسلمانوں کا حامی ہونے کا دعوی کرنے والی این سی پی بھی اس معاملے میں لب کشائی کرنا گوارا نہیں کررہی ہے۔ شیوسینا بھی خود کو سیکولر ظاہر کرنے میں مصروف ہے لیکن مسلمانوں کے حقیقی مسائل سے اسے کوئی سروکار نہیں ۔ اس سے پہلے کہ وہ ووٹ مانگنے مسلمانوں کے پاس پہنچے انھیں آئینہ دکھانے اور مسلمانوں کو ان کا حق دلانے کے لیے ایم آئی ایم نے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم پی جلیل کے مطابق اورنگ آباد، کولہا پور شولا پور ، ناندیڑ ناسک اور دیگر اضلاع سے گاڑیوں کے قافلے ممبئی روانہ ہونگے ۔ گاڑیوں کا یہ قافلہ اورنگ آباد ، پیٹھن، ناسک اور احمد نگر ہوتا ہوا ممبئی پہنچے گا، امتیاز جلیل نے مراٹھا ریزرویشن کی خاطر دریائے گوداوری میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے والے نوجوان کے پٹن میں واقع مجسمے کی گلپوشی کرنے کا بھی اعلان کیا اور یہ انتباہ دیا کہ جس طرح مراٹھا سماج نے جدو جہد کی اس طرز پر مسلمان بھی اس معاملے میں خاموش نہیں رہیں گے ۔ ایم پی جلیل نے الزام عائد کیا کہ پولیس اقتدار میں شامل کانگریس این سی پی لیڈروں کے دباؤ میں کام کررہی ہے اسی لیے اس مرتبہ جلسے کا مقام اور وقت ظاہر نہیں کیا جارہاہے، تاہم انھوں نے یہ ضرور کہا کہ اس جلسے سے ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی خطاب کرینگے ۔ مسلم ریزرویشن کے ساتھ ہی ایم آئی ایم اس ریلی کے ذریعے وقف جائیدادوں کےتحفظ کا معاملہ بھی اٹھائے گی، امتیاز جلیل کے مطابق مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی ایک ہزار کروڑ سے زیادہ رقم ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں پڑی ہوئی ہے ، اس معاملے میں وقف بورڈ کے ارکان نے این سی پی سربراہ شرد پوار سمیت ریاستی وزرا سے ملاقات کی تھی تاکہ وقف بورڈ کی رقم بورڈ کو ملے ۔
۔ایم پی امتیاز جلیل نے جلسے کا مقام اور وقت ظاہر کرنے سے پرہیز کرنے کا یہ مطلب بھی نکالا جارہا ہیکہ ایم آئی ایم بغیر اجازت کے جلسہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ لیکن امتیاز جلیل کا دعوی ہیکہ انھیں ریلی کی اجازت مل گئی ہے ، لیکن سیاسی مصلحت کے تحت وہ اسے صیغہ راز میں رکھنا چاہتے ہیں۔