ممبئی کی تاریخی مغل مسجد کی منتظمہ کمیٹی نے یہ تاریخی فیصلہ کیا ہیکہ اخباری ملنگی اور نصیری ذاکرین کو مسجد کے منبر پر بیٹھنے نہیں دیا جائےگا۔ مسجد کی منتظمہ کمیٹی نے یہ فیصلہ ڈیڑھ سو سے زائد شیعہ علما اور ذاکرین کی موجودگی میں کیا۔علما نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ باطل عقائد کی تبلیغ اور تروج کو روکنا شیعہ عقائد کے تحفظ کے لئے بہت ضروری ہے۔
علما نے ملک کی دیگر مساجد اور امام بارگاہوں کے ذمہ داروں سے بھی اپیل کی کہ نصیریت، اخباریت اور ملنگیت کی تبلیغ کرنے والے ذاکروں، خطیبوں اور علما کو اپنے منبروں کا استعمال نا کرنے دیں۔ میٹنگ میں شیعہ علما اور ذاکرین نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ شیعہ عقائد کی تبلیغ کے نام پر باطل عقیدوں کو بڑھاوا دیا جارہا ہے اور بھولے بھالے لوگوں کے عقیدوں کو بگاڑ کر آئمہ اطہار کی تعلیمات سے دور کیا جارہا ہے۔ اخباری،ملنگی اور نصیری نظریات کو روکنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
مغل مسجد کی منتظمہ کمیٹی کے ذمہ داروں کے مطابق ملنگی،اخباری اور نصیری نظریات کے حامل افراد کے مسجد میں داخل ہونے پر پابندی نہیں ہے لیکن انکو مسجد کا منبر اپنے نظریات اور خیالات کی تبلیغ اور ترویج کے لئے استعمال نہیں کرنے دیا جائےگا۔اس اہم میٹنگ میں مولانا علی اصغر حیدری،مولانا سید شوکت عباس، مولانا سید نجیب حیدر، مولانا سید فیاض باقر،مولانا سید غلام عسکری،مولانا سید وقار مہدی، مولانا سید علی عباس امید، مولانا سید انتظار مہدی، مولانا اکمل حسین کاظمی، مولانا کلب جعفر خاں اور مولانا کرار خاں غدیری بھی شامل تھے