میرٹھ کےوقف منصبیہ کے زیر اہتمام شہر میرٹھ میں ” منصبیہ لرننگ سینٹر “قائم کیا گیا ہے۔جس کا مقصد کالج اور اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ان بالغ لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے دینی تعلیم وتربیت کا انتظام کرنا ہے جو عصری تعلیم یا مختلف وجوہات کی بنا پر دینی تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں ۔
افتتاحی پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔اس کے بعد دانش میرٹھی نے نعت پاک پیش کی۔تقریب کے صدرمولانا ضیاء عباس نے لرننگ سینٹر کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شام کے وقت چلنے والی ان کلاسز میں روخوانئ قرآن مجید ،رواں خوانئ قرآن مجید اور تجوید القرآن کے علاوہ تاریخ اسلام ، درس اخلاق اور فقہ جعفریہ کے عقائد و احکام کے دروس دینے کے لئے لائق علماء اور عالمات کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں دینی تعلیم سے محروم نہ ہو جائیں۔ انہوں نےبتایا کہ لڑکوں کی کلاسز امام بارگاہ شاہ کربلا (منصبیہ) گھنٹہ گھر اور خواتین کی کلاسیز امام بارگاہ چھوٹی کربلا میرٹھ میں ہوں گی ۔ ان کلاسز میں داخلہ لینے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے ،بارہ سال سے لے کر کسی بھی عمر والے مرد خواتین اس میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ ۔ وقف متولی شعیب جعفر فخری نےبتایا کہ مختلف علاقوں میں منصبیہ لرننگ سنٹر کی برانچزکھولی جائیں گی تاکہ دوردراز علاقوں کے لوگ بھی اس سے فیض یاب ہو سکیں۔
مولانا محمد اطہر کاظمی لکچرر منصبیہ عربی کالج نے کہا کہ ” قرآن مجید کو عربی انداز میں پڑھنا مستحب نہیں بلکہ واجب ہے ۔بلکہ فقط اور فقط قرآن مجید کا پڑھنا ہی کافی نہیں ہےبلکہ عربی کو عربی لہجے میں پڑھنا ضروری ہے، اس لیے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ بہت سارے قرآن کی تلاوت کرنے والے ایسے ہوتے ہیں جن پر قرآن مجید لعنت کرتا ہے۔۔۔ لہذا درست تلاوت کے لیے تجوید قرآن و ترتیل قرآن کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔
منصبیہ لرننگ سنٹر کے افتتاحی پروگرام میں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور دینی تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں نے داخلے کے لیے رجسٹریشن کرائے۔