
خون کے عطیات کا عالمی دن ہر سال 14 جون کو منایا جاتا ہےاس کے علاوہ بھی سماجی تنظیموں کے ذریعے خون کی کمی کو دیکھتے ہوئے بلڈ ڈونیشن کیمپوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔ خون عطیہ کیمپ لگانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ انسانی زندگی کو بچانے کیلئے خون کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔اسی مقصد کے تحت میرٹھ میں الحسینی آرگنائزیشن کی جانب سے ایک خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔

میرٹھ میں زیدی نگر سوسائٹی کی امام بارگاہ پنجتنی میں لگے اس کیمپ میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں نے امام حسین کے نام اپنا خون عطیہ کرکے حضرت امام حسین کے پیغام انسانی کو بھی عام کرنے کی کوشش کی۔ انسانی زندگی کو بچانے کیلئے ان کے پیغامات پر عمل کرتے ہوئے دوسرے نوجوانوں کو بھی اس طرح کے کیمپوں میں حصہ لینے کی تلقین کی ۔

اس موقع پر خون عطیہ کرنے والے نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کرکے جو خوشی محسوس ہوتی ہے وہ ہمارے دوسرے نوجوانوں کو بھی محسوس کرنی چاہئے۔۔
خون عطیہ کیمپ میں نوجوانوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے کرشنا بلڈ بینک کے ذمہ داروں کا کہنا تھا کہ جس طرح کا جذبہ اس کیمپ میں دیکھنے کو ملا ہےوہ اگر دوسرے علاقوں میں بھی نظر آئے تو یقینی طور پر ہم خون کے ضرورت مند افراد کی مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی قریب 140 کروڑ ہے لیکن خون عطیہ کے لیےبہت کم نوجوان سامنے آتے ہیں ۔
میرٹھ سے تنظیر انصارکی رپورٹ۔