رمضان المبارک میں ایک ہفتے کے دوران دو مرتبہ اسرائیلی فوجیوں نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کئے۔ مسجد کی بے حرمتی کی۔ مسجد کے تبرکات کو تہس نہس کیا۔ اسرائیلی فوجیو ں نے بے غیرتی اور بے حیائی کے ساتھ مسجد میں عبادت کرنے والی خواتین کو بھی زد و کوب کیا۔ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے میں درجن بھر فلسطینی زخمی ہوئے۔اسرائیلی فوجیوں نے مسجد میں عبادت کرنے سے فلسطینی مرد و خواتین کو روکا۔ جو افراد مسجد کے اندر عبادت میں مشغول تھے انہیں زبردستی مسجد سے باہر نکالا۔ زخمی فلسطینیوں تک طبی امداد بھی نہیں پہونچنے دی۔
فلسطینی حکام کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی اہلکاروں نے 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔انہیں مقبوضہ مشرقی یروشلم میں تاروت پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔ چشم دید افراد کا کہنا ہیکہ اسرائیلی فوجیوں نے مسجد میں نمازیوں کے خلاف اسٹن گن اور اشک آور شیلس کا استعمال کیا۔ انہیں رائفلوں کی بٹ سے مارا گیا۔ درجنوں فلسطینی دم گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے۔
۔اسرائلی فوجیوں نے اعتکاف کرنے والوں کو مسجد سے باہر نکالنے کے لئے مسجد کی اوپری کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور وہاں سے اسٹن گرینیڈ اندر پھینکے۔ فوجیوں نے فلسطیینوں کو گرفتار کرکے ہتھ کڑیاں لگائیں۔ فلسطینی ریڈ کریسینٹ حکام کا کہنا ہیکہ مسجد اقصیٰ میں زخمی فلسطینیوں تک طبی امداد بھی نہیں پہونچنے دی گئی۔
مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور مسجد میں نمازیوں پر اسرائلی حملے سےدنیا بھر میں مسلمانوں میں شدید غصہ اور ناراضگی ہے۔
مسلمانوں کے قبلہ اول پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کرنے کے لئے عرب لیگ کی ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اردن، مصر اور فلسطینی حکام نے یہ میٹنگ طلب کی ہے۔ عرب لیگ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوجیوں کی ریڈ کی مذمت کی ہے۔