
کورونا کے دور میں مہاراشٹر حکومت کے محکمہ خزانہ نے 4 مئی 2020 کو ایک سرکاری فیصلہ لیا تھا جس میں محکمہ صحت کو چھوڑ کر دیگر تمام محکموں میں آسامیاں بھرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ریاست کے اقلیتی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی خالی اسامیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 2 فروری 2023 کو ریاستی حکومت کے اسکول ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے آفس سپرٹینڈنٹ دتاترے شندے نے ڈائرکٹر آف ایجوکیشن، پونے کو ایک حکم جاری کیا اور اقلیتی تعلیمی اداروں میں 1,474 خالی آسامیوں کو پر کرنے کی منظوری دی۔

اقلیتی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی خالی اسامیوں کو پر کرانے کے لئے اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138 لگاتار کوشش کر رہا تھا۔ سنگھ کے بانی ساجد نثار احمد کی قیادت میں اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر، تعلیم کے سکریٹری رنجیت سنگھ دیول، اور اقلیتی ترقی کے سکریٹری کو اس سلسلے میں میمورنڈم دیا گیا تھا۔ وزیر مالیات دیویندر فڑنویس کے ساتھ عوامی نمائندوں کے ہمراہ میٹنگز بھی کی گئی تھیں۔۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے اقلیتی تعلیمی اداروں میں 265 اضافی اساتذہ کو ایڈجسٹ کرنے کی شرط کے ساتھ، محکمہ خزانہ کے 12 دسمبر 2022 کے حکم نامہ کی روشنی میں اساتذہ کی کل 1,474 ضروری خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے منظوری دی گئی ہے۔