سعودی عرب کے حکمراں بغض اہل بیت میں اندھے ہو چکے ہیں۔انہیں اپنے ملک میں مولا علی کا نعرہ لگانا تک برداشت نہیں ہورہا ہے۔ خانہ کعبہ میں اگر یا علی کا نعرہ لگایا جادیا جائے اور یا علی کا پرچم لہرا دیا جائے تو سعودی حکمرانوں کے سینے پر سانپ لوٹ جاتا ہے۔ خانہ کعبہ میں یا علی مرتضی کے نام کا پرچم لہرایا جانا سعودی حکمرانوں کی نظر میں سنگین جرم ہے اور اس جرم میں ایک شیعہ عالم دین کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
پاکستان کے معروف عالم دین علامہ ناظر عباس تقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری کو سعودی حکام نے عمرے کی ادائیگی کے دوران مکہ مکرمہ میں گرفتار کرلیا۔علامہ ناظر عباس تقوی کی گرفتاری سے متعلق پوسٹ اُن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ علامہ کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی شاہی حکومت کی ایما پر سعودی پولیس نے علامہ ناظر عباس تقوی کو مکہ مکرمہ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے علامہ ناظر عباس تقوی کی گرفتاری کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ علامہ سید ناظر عباس تقوی 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولود کعبہ مولا علی ابن ابی طالبؑ کے پرمسرت موقع پر عمرے کی سعادت کے حصول کیلئے سعودی عرب گئے تھے۔ مولا علی کی ولادت کے روز علامہ ناظر عباس تقوی نے خانہ کعبہ میں علیؑ ولی اللہ کا پرچم لہرایا تھا اور یا علی کا نعرہ بلند کیا تھا۔ انہیں اسی جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی شاہی حکومت اس سے قبل بھی متعدد شیعہ علماءو اکابرین کو گرفتار کرچکی ہے ، سن اسی کی دہائی میں حج کے موقع پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کے جرم میں بانی آئی ایس او شہید ڈاکٹر محمدعلی نقوی ، علامہ فاضل حسین موسوی، علامہ اعجازحسین نقوی و دیگر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جنہیں کئی ماہ قید کے بعد رہا گیا تھا۔
علامہ ناظرعباس تقوی کی گرفتاری پر دنیا بھر کے شیعوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ علامہ ناظر عباس تقوی کی فوری طور پر سعودی حکومت کی قید سے رہائی کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔