کربلا میں امام حسین اور انکے رفیقوں کےچہلم کی تیاریا ں جاری ہیں۔زائرین کو ہر قسم کی سہولت مہیا کرنےکے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ نجف اور کربلا کے درمیان جگہ جگہ موکب قائم کئے جا رہے ہیں۔بڑی تعدا میں اربعین کےزائرین نجف اور کربلا کا 80 کلو میٹر تک کا فا صلہ پیدل طے کرتے ہیں۔ اس عمل کو مشی کہا جاتا ہے۔ اس برس مشی کرنے والےزائرین کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کا خاص بندوبست کیا جارہا ہے۔ نجف اشرف اور کربلائے معلیٰ کے راستے پر سائبان لگایا جارہا ہے۔ سائبان لگانے کا منصوبہ حرم حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے بنایا گیا ہے۔
حرم حضرت عباس علیہ السلام کے نگران اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جاوید حسناوی نے کہا کہ یہ کام حرم کے متولی شرعی حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد صافی کی براہ راست رہنمائی اور حکومت عراق کے تعاون سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرم حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مرمت اور انجینئرنگ کے عملہ نےکربلا اور نجف کے درمیان روڈ پر مہمان خانہ (مضیف)حضرت عباس علیہ السلام سے ” سائبانوں کی تنصیب کا آغاز کیا۔
شعبہ مرمت سے تعلق رکھنے والے انجینئر محمد کرار ابریہی نے بتایا کہ 50,000 مربع میٹر سے زیادہ دائرے میں یہ سائبان نصب کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کھدائی اور لوہے کے ستونوں کی تنصیب ہوگی اور دوسرے مرحلے میں کپڑے کے سائبان کو نصب کرنے کا کام کیا جائے گا۔ تقریباً 20 دن میں یہ کام مکمل کرلیا جائےگا۔