15 شعبان اور یوم ولادت حضرت امام عصر (عج) منانے کے لئے دنیا بھر سے گیارہ ملین سے زیادہ زائرین کربلا پہونچ رہے ہیں۔زائرین کی خدمت کے لئے عراق کے مختلف صوبوں سے 834 موکب قائم کئے گئے ہیں۔ شب ولادت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف مومنین کربلائے معلیٰ میں مقام امام زمان (عج) کے قریب شمع جلا کر جشن مناتے ہیں۔
عراق، عرب اور بیرونی ممالک، جیسے ہندوستان اور پاکستان سے آنے والے 11 ملین سے زیادہ عقیدت مندوں کے لئے5 ہزار سے زیادہ گاڑیاں زائرین کو مختلف مقامات تک پہونچانے کے لئے لگائی گئی ہیں۔۔کربلا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر صباح الموسوی نے ایک بیان میں کہا ہے کربلا کے اندر 86 ایمبولینسوں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور سات سرکاری ہسپتال خدمت کے لیے تیار ہیں۔
“زینب الکبری” نامی خصوصی سرجری سینٹر بھی کھول دیا گیا ہے ۔ اسی طرح 33 ٹیمیں زائرین کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ فوج اور پولیس کی سیکورٹی ٹیمیں داخلی راستوں اور تین شاہ راہوں پر تعینات ہیں تاکہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔تقریباً 600 سی سی ٹی وی کیمرے سڑکوں پر لگائے گئے ہیں۔ دو ہزار سے زائد ملازمین سڑکوں کی صفائی کے لیے کام کر رہے ہیں اور بلدیہ نے سڑکوں کی صفائی کے لیے آلات مختص کیے ہیں۔