ہندستان اور ایران کے درمیان قدیمی تعلقات ہیں۔ مختلف شعبوں میں دونوں کے درمیان تعاون میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
ایران اور ہندوستان نے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینے کے بعد اس شعبے میں تعاون کی توسیع کے مقصد سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ہندستان نے ایران سے کیوی پھل کی درآمدات پر لگی پابندی کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران کے نائب وزیر زراعت برومندی حال ہی میں دہلی کے دورے پر تھے ۔انہوں نے ہندوستان کی وزارت ذراعت کے سیکریٹری منوج اہوجا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور آپسی تعاون کو بہتر بنانے کی ممکنہ راہوں کا جائزہ کیا گیا۔
اس ملاقات میں ایران کے نائب وزیر زراعت نے زراعت کے شعبے میں اپنے ملک کی پیشرفت و ترقی سے آگاہ کرتے ہوئے پھلوں، جڑی بوٹیوں، فصل کو درپیش خطروں اور آفتوں سے مقابلے اور زرعی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ اس شعبے کے ماہرین کے تبادے پر بھی زور دیا۔ ہندستان نے ایران سے کیوی پھل کی در آمدات پر لگی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کیوی پیدا کرنے کے معاملے میں ایران دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ سب سے زیادہ کیوی پھل نیوزی لینڈ میں پیدا ہوتا ہے ۔ اسکے بعد اٹلی ، یونان اور ایران کا نمبر آتا ہے۔