صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ حجت الاسلام آل ہاشم اور تبریز کے گورنر مالک رحمتی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جان بحق ہونے سے پورے ایران میں غم و رنج کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں شہید ہونے والوں میں صدر کی پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ سردار سید مہدی موسوی، حفاظتی گارڈ کے رکن انصار المہدی ، ایک پائلٹ اور ایک کو پائلٹ اور ایک ٹیکنیکل آفیسر بھی شامل ہیں۔
صدر رئیسی اور ان کے ساتھی جمہوریہ آذربائیجان میں قیزقلعہ سی ڈیم کی افتتاحی تقریب کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے تبریز جا رہے تھے جب اس ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا اور وہ ورزگان کےدشوار گزار علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جس علاقے میں حادثہ ہوا وہ دور افتادہ پہاڑی علاقہ ہے۔گھنے کہرے کے سبب جائے حادثہ کا پتہ لگانے میں شدید دشواریاں پیش آئیں۔ ہیلی کاپٹر کا پتہ لگانے کے لئے چالیس سے زیادہ بچاؤ ٹیمیں تعنات کی گئی تھیں۔ روس، ترکی آرمینیا اور آذر بائجان نے ہیلی کاپٹر کا پتہ لگانے اور راحت رسانی میں مدد کی پیش کش کی۔
صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کی خبر پھیلتے ہی پورے ایران میں سنسنی پھیل گئی۔ مشہد میں امام رضا کربلس میں امام حسین اور نجف میں مولا علی کے حرم میں لوگوں نے صدر رئیسی کی خیر و عافیت کے لئے دعائیں کرنا شروع کردیں۔ رہنمائے انقلاب آیت اللہ خامنہ ای نے بھی عوام سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔
دنیا بھر کے سربراہوں نے صدر رئیسی اورانکے قافلے کے حادثے میں جان بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے تعزیت کی ہے۔ ادھر ایران کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہیکہ ایران میں صدارتی انتخاب پچاس روز کے اندر کرایا جائےگا۔