ایران کی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہوننچ گئی ہے۔اوپن کیٹ میں ایک ڈالر لاکھوں ریال میں مل رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کو ان دنوں یورپی یونین کی جانب سے مزید پابندیوں کے خدشے کا سامنا ہے جس کے باعث ڈالر کے مقابلے میں ایران کی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ایرانی پاسداران انقلاب پر نئی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر مارکیٹ میں ایرانی ریال پر مزید اثر پڑا اور اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 4 لاکھ 47 ہزار ریال تک جا پہنچا۔ گزشتہ ہفتے ایک ڈالر کی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 500 ریال تھی۔یورپی یونین ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہی ہے جس میں اس بار ایرانی پاسداران انقلاب کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ یورپی یونین کے بعض ممبران ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا چاہتے ہیں۔ ایران میں احتجاج سے لے کر اب تک ریال کی قدر میں 29 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
ایرانی سینٹرل بینک کے گورنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ ایرانی ریال کا گرنا ایران کے خلاف نفسیاتی آپریشن کے نتیجے میں ہے۔ مغرب کی تنظمیں ایران میں عدم استحکام پیدا کررہی ہیں۔