ویسے تو ہر دور میں اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں بسنے کا رجحان رہا ہے لیکن گزشتہ چھ برسوں میں اس رجحان میں تیزی آئی ہے جسکی وجہ سے ملک چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان میں بتایا گیا کہ 2021میں 163,370 افراد نے ہندستان کی شہریت چھوڑی۔ان افراد نے نجی وجوہات کی بنا کر ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ان میں 78,284 افراد نے امریکی شہریت کی خاطر ہندستان کی شہریت کو ترک کیا۔ 23,533 افراد نے آسٹریلیا ئی شہریت کی خاطر اور 21,597 افراد نے کینیڈا میں بسنے کے لئے اپنے ملک سے ناطہ توڑا۔چین میں رہ رہے 300 ہندستانیوں نے چین کی ہی شہریت حاصل کر لی۔
اعداد و شمار کے مطابق 85,256 نے2020میں ہندستان کی شہریت چھوڑی تھی جبکہ سال 2019 میں ملک چھوڑنے والوں کی تعداد 144,017 تھی۔
2015 اور 2020 کے بیچ آٹھ لاکھ سے زیادہ لوگوں نے ہندستانی شہریوں نے غیر ملکوں میں آباد ہونے کا فیصلہ کیا۔ 2020 میں ملک چھوڑنے والوں کی تعداد میں کمی آئی جسکی وجہ کورونا بتائی جا رہی ہے۔
ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں آباد ہونے کے رجحان کی کئی وجوہات بتائی جاتی ہیں۔بےروزگاری اسکی سب سے بڑی وجہ ہے۔سرکاری ملازمت کے مواقع کا خاتمہ بھی اسکی ایک وجہ بتائی جا تی ہے۔ ملک میں وسائل اور سہولتوں کی کمی اور دیگر ملکوں میں عیش و آرام اور آسان زندگی اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو ملک چھوڑنے کے لئے راغب کررہی ہے۔
ہندستانی پاسپورٹ پر حاصل کم سہولتیں اور دوہری شہریت کی اجازت نا ہونا بھی تعلیم یافتہ لوگوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے۔ہندستانی پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے صرف ساٹھ ملکوں میں جایا جا سکتا ہے۔ یہ سہولت دیگر ملکوں کے پاسپورٹوں پر ملنے والی سہولتوں کی نسبت بہت کم ہے پاسپورٹس کی عالمی درجہ بندی میں ہندستانی پاسپورٹ 199 کی فہرست میں 87 نمبر پر ہے۔ دوہری شہریت کی اجازت نا ہونا بھی ملک کی شہریت چھوڑنے کی جانب لوگوں کو راغب کرتی ہے۔ایک ہندستانی شہری ، ہندستانی شہری رہتے ہوئے کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل نہیں کرسکتا۔ کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کے لئے اسے ہندستانی شہریت کو ترک کرنا ہوتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہیکہ پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے زیادہ ملکوں میں جانے کی اجازت اور دہری شہریت کی اجازت ملنے سے ہندستانی شہریت چھوڑنے کے رجحان کو کچھ کم کیا جاسکتا ہے۔