ایک طرف ملک کے ارب پتی تاجروں کی آمدنی میں کئی کئی گنا اضافہ ہورہا ہے اور دوسری طرف ارب پتی تاجر ملک چھوڑ چھوڑ کر جارہے ہیں۔ مغربی بنگال کے وزیر خزانہ امت مترا نے مختلف تجزیاتی رپورٹوں اور اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہیکہ 2014 اور 2020 کے درمیان 35 ہزار سے زیادہ دولت مند صنعکار ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ امت مترا نے سوال کیا کہ کیا دولت مند صنعتکار خوف و ہراس کے سبب ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔
بنگال کے وزیر خزانہ نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی کو اپنے دور حکومت میں اتنی بڑی تعداد میں دولتمند صنعتکاروں کے ملک چھوڑ کر جانے کے معاملے پر پارلینٹ میں وہائٹ پیپر جاری کرنا چاہئے۔ امت مترا نے ٹویٹر پر مارگ اسٹین لے، ایفروایشیا بینک اور جی ڈبلو ایم کے سروے اور رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے۔درجنوں ایسے بھی کروڑ پتی صنعتکار ہیں جو ملک کے بینکوں کا روپیہ ہڑپ کر ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔