نام۔علی ابن الحسین ۔ کنیت ابو لحسن ۔القابات زین العابدین۔ سید الساجدین۔ بیمار کربلا۔۔سلسلہ امامت کی چوتھی کڑی امام سجاد کو 25 محرم سن95 ہجری کو اموی خلیفہ ولید بن عبدالملک نے زہر دیکر شہید کیا۔ آپکی ولادت پانچ شعبان سن38 ہجری کو مدینے میں ہوئی۔ بعض روایتوں کے مطابق آپکی ولادت کوفہ میں ہوئی۔روایت ہیکہ جب مولا علی کی شہادت ہوئی تو امام سجاد کی عمر دو برس تھی۔
آپکے والد حسین ابن علی اور والدہ شہر بانو بنت یزد گرد تھیں۔ آپکے کئی فرزند بتائے جاتے ہیں جن میں محمد باقر، زید بن علی ،حسین اصغر اور علی اصغر زیادہ مشہور ہیں۔۔ زید بن علی زید شہید کے نام سے مشہور ہیں۔ امام سجاد کے جانشین امام محمد باقر تھے۔ امام محمد باقر بھی بی بی سکینہ بنت حسین اور امام سجاد کی طرح واقعات کربلا کے چشم دید گواہ تھے۔ امام سجاد مشیت الہیٰ کے سبب بیمار تھے اس لئے کربلا میں شہید نہیں ہوئے۔ لیکن واقعہ کربلا کے بعد اہل حرم کے قافلے کے سالار امام سجاد ہی تھے۔انکی آنکھوں کے سامنے اہل حرم کو بے مقنع و چادر دیار بہ دیار پھرایا گیا۔ کربلا سے کوفہ کوفہ سے دمش اہل حرم کے لٹے ہوئے قافلے کے سالار امام سجاد ہی تھے۔ انہیں یزیدی فوجیوں نے طوق و سلاسل میں جکڑ رکھا تھا۔ اس مصیبت اور الم کے دوران بھی امام سجاد اور بی بی زینب امام حسین کی شہادت کے مقصد کی تبلیغ کرتے رہے۔ کوفہ اور شام میں بی بی زینب اور امام سجاد کے خطبوں نے یزیدی منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ اور امام حسین کی قربانی کو چھپانے کی یزیدی کوششوں کو ناکام کردیا۔
واقعہ کربلا کے بعد امام سجاد نے تبلیغ دین کا کام انوکھے طریقے سے جاری رکھا۔ ایک طرف وہ آنسوؤں سے مقصد کربلا بیان کرتے تھے اور دوسری طرف دعاؤں کے ذریعے پیغام الہیٰ اور دین پیغمبر کی تبلیغ کرتے رہے۔ انکی دعاؤں کا مجموعہ صحیفہ سجادیہ، صحیفہ کاملہ اور زبور آل محمد کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔آپ کی عبادتوں کے سبب ہی آپکا لقب زین العابدین یعنی عبادت گزاروں کی زینت اور سید الساجدین یعنی سجدہ گزاروں کے سردار پڑا۔ روایت کے مطابق امام سجاد کے پاس کھجورں کے درختوں کا ایک وسیع باغ تھا۔ آپ کھجور کے ہر درخت کے پاس دو دو رکعت نماز ادا کرتے تھے۔
غریبوں اور ناداروں کی خبرگیری کا یہ حال تھا کہ آپ رات کی تاریکی میں اپنی پشت پر اناج اور روٹیاں لاد کر غریبوں کے گھروں تک پہونچاتے تھے۔ انکی شہادت کے بعد لوگوں کو معلوم ہوا کہ امام سجاد سو سے زیاد خاندانوں کی مدد کرتے تھے۔امام سجاد کی قبر مبارک مدینہ میں جنت البقیع میں ہے۔