ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے ایک بار پھر حرم امام رضا(ع) کے خادموں کو روزے داروں کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا اور زائرین و مجاورین کو حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بابرکت دستر خوان پر مہمان بننے کی سعادت نصیب ہوئی ہے ۔
امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی مصطفیٰ فیضی نے بتایا کہ ہر روز افطار کے وقت حرم کے مہمان سرا میں تقریباً ساڑھے چار ہزار زائرین کی متبرک کھانے سے پذیرائی کی جاتی ہے ۔
مصطفی فیضی نے بتایا کہ ماہ مبارک رمضان کے پانچویں روز سے امام رضا(ع) کی نورانی بارگاہ کے رواق حر عاملی میں سفرہ اکرام کے عنوان سے افطاری کے دستر خوان کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں ہر رات دو ہزار روزہ دار امام علیہ السلام کے بابرکت اور متبرک دسترخوان پر افطار کرتے ہیں۔
حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ مصطفیٰ فیضی نے بتایا کہ حضرت امام علی رضا(ع) کی نورانی بارگاہ میں نمازیوں میں افطاری کے پیکٹس تقسیم کرنے کا مقصد زائرین و مجاورین کی بہتر انداز میں میزبانی وپذیرائي ہے۔ یہ منصوبہ تین ماہ مبارک رمضان سے شروع کیا گیا اور ماہ مبارک رمضان کے آخر تک یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس منصوبے کے تحت ہر رات نماز مغربین کے فوراً بعد مجموعی طور پر بارہ لاکھ افطاری کے پیکٹس زائرین و مجاورین میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔ افطار ی کے پیکٹ میں کھجور،دودھ اور کیک شامل ہیں جنہیں ماہ رمضان المبارک کے لئے خصوصی طور پر بنائے گئے ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے ۔
حرم امام رضا(ع) کے خدام حرم مطہر میں زائرین اورمجاورین کی پذیرائی کرنے کے علاوہ مشہد مقدس کے مضافات میں بھی متبرک کھانا تقسیم کرنے کے فرائض انجام رہے ہیں۔
مصطفی فیضی نےیہ بھی بتایا کہ حرم امام رضا(ع) کے روزہ دار زائرین و مجاورین کی زیادہ سے زیادہ پذیرائی کے مقصد سے مشہد مقدس کے مضافات اور زائرین کے قیام کے مقامات پر متبرک کھانا تقسیم کرنے کا سلسلہ پانچ ماہ مبارک رمضان سے شروع کیا جاتا ہے ۔ہر رات ان مقامات پر تین ہزار کھانے کے پیکٹس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ یہ کھانا امام رضا(ع) کی مہمان سرا میں تیار کیا جاتا ہے۔ ۔
اس منصوبے کے تحت حرم امام رضا(ع) کے خدام متبرک کھانے کا دعوت نامہ مشہد مقدس کے مضافات میں زائرین و مجاورین کے درمیان تقسیم کرتے ہیں تاکہ امام رضا(ع) کی نورانی بارگاہ کے زائرین؛ سلطان خراسان شہنشاہ عرب و عجم کے بابرکت اور متبرک دسترخوان سے مستفیض ہو سکیں ۔