لبنان کی مزاحمتی و سیاسی جماعت “حزب الله” نے عبرانی زبان میں ایک پیغام جاری کیا، جس میں صیہونیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہو اور تم حتماَ جلد ہی نابود ہوجاؤ گے۔کلپ کی شکل میں یہ پیغام گذشتہ روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے اس ویڈیو کو جاری کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ حزب الله نے ہمارے لئے عبرانی زبان میں ایک پیغام بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ صیہونیوں کا وجود صرف چند دنوں تک ہے۔
ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ تمہارا عارضی وجود مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے، تم مٹنے والے ہو اور فلسطینی عرب اقوام کے درمیان سرفراز ہوں گے۔ مقاومت ہر جگہ تمہارا پیچھا کر رہی ہے، یہاں تک کہ تمہارے گمان میں بھی نہیں۔ قبل ازیں حزب الله کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل “شیخ نعیم قاسم” نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ قابض رژیم کے خاتمے کا بیج اس حکومت میں بو دیا گیا ہے، معاملہ جس قدر طولانی ہو جائے، فلسطین کی صابر، مجاہد اور بے لوث قوم کے وجود سے اس حکومت کا خاتمہ یقینی ہے۔
حسن نصر اللہ نے قرآن کریم کی اس آیت کی جانب اشارہ کیا “یُخْرِبُونَ بُیُوتَهُم بِأَیْدِیهِمْ وَأَیْدِی الْمُؤْمِنِینَ”۔ انہوں نے کہا کہ عارضی صیہونی حکومت خدا کے حکم سے رو بہ زوال ہے۔ اپنے حالیہ خطاب میں حزب الله کے سربراہ “سید حسن نصر الله” نے اسرائیل کے موجودہ بحران کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل اسرائیل بحران کا شکار ہے کہ جس کی صیہونی تاریخ میں اس سے قبل مثال نہیں ملتی۔ یہ رژیم کمزوری، بحران، مایوسی اور مستقبل کے بارے میں بے یقینی کا شکار ہے۔ اس کے سیاست دان اختلاف کا شکار ہیں۔ جب دشمن کے رہنما اس حد تک حماقت انجام دیں تو ہم سمجھتے ہیں کہ ان کا خاتمہ قریب ہے۔ وہ ایسے کام اعلانیہ انجام دیتے ہیں، جن کو دوسرے صیہونی چھپاتے ہیں۔ دشمن لبنان سے جنگ سے خوفزدہ ہے۔ اس کی دھمکیاں اس کی نابودی کا سبب بن سکتی ہیں۔