نہٹور نگر پالیکا کے وارڈ نمبر 17 اور 18 میں رہنے والوں کے لئے 8 اکتوبر 2023 کو پنچایتی گھیر محلہ حلوائیان میں ایک ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا جس میں تقریباً 100 افراد کے شوگر، بلڈ پریشر، آکسیجن لیول،وزن اور بدن کی حرارت کی مفت جانچ کی گئی۔کیمپ میں مناسب غذا اور ہلکی ورزش سے متعلق لوگوں کی کاؤنسلنگ بھی کی گئی۔ ٹیسٹ کرانے والوں میں 56فیصد مرد اور 44فیصد خواتین تھیں
اس کیمپ کا اہتمام ” شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سنٹر” نے “صحت مند نہٹور” مہم کے تحت کیا تھا۔ کیمپ کا افتتاح وارڈ نمبر 17 کے میونسپل کونسلر عتیق قریشی نے کیا۔ انہوں نے گزشتہ دو ہفتوں میں گھر گھر جا کر لوگوں کو اپنی صحت کی جانچ کرانے اور صحت پر توجہ دینے کی ترغیب دی۔ اس کیمپ میں محمد فراز اور محمد حذیفہ کی سربراہی میں دو ٹیمیں صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مسلسل جانچ کرتی رہیں لیکن وقت کی کمی کے باعث بہت سے لوگ جانچ سے رہ گئے۔ ان لوگوں کو مہدی ولا میں قائم جانچ سنٹر جانے کا مشورہ دیا گیا جہاں ہر اتوار کو جانچ اور کاؤنسلنگ کی خدمات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
ہیلتھ کیمپ میں وارڈ نمبر 18 کے میونسپل کونسلر اجلال احمد، ایچ ایم آئی انٹر کالج کے سینئر اساتذہ علیم احمد اور افضل قریشی کے علاوہ طارق سمیع ایڈووکیٹ، انکور جین، فاروق فوجی، نفیس سیفی، وچتر اگروال، محمد شہزاد، وسیم قریشی، سکندر اقبال، روہتاش ورما، محمد عمر، چوہدری نثار احمد اور سلیم اچھن نے شرکت کی۔کیمپ میں جانچ کے ساتھ ساتھ مہدی ولا میں واقع سنٹر پر بھی جانچ اور کاؤنسلنگ کا کام جاری رہا۔ یہاں جانچ ٹیم کی قیادت محمد عاصم نے کی۔
مرکز کے بانی اور منیجر غزال مہدی نے کونسلر عتیق قریشی، کونسلر اجلال احمد، والنٹیروں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کیمپ کے انعقاد میں مدد کی۔غزال مہدی نے بتایا کہ “صحت مند نہٹور” مہم کے تحت جس طرح اب تک میونسپلٹی کے تین وارڈوں میں کیمپ لگائے جا چکے ہیں، اسی طرح مستقبل میں میونسپل کونسلروں کے تعاون سے باقی 22 وارڈوں میں بھی ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے۔جانچ سینٹر اور کیمپ میں کام کرنے والی تین جانچ ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے والے والنٹیروں میں اطاعت حسین، شاغل عثمانی، محمد خضر، محمد نوید، عبدالقادر، سہیل قریشی، خوشی، چاندنی، فہد شیخ، انم ملک، ادیبہ عظیم، ضیاء عظیم، منتشا، فوزیہ، نیرو، فضا اور شب نور شامل رہے۔
قابل ذکر ہے کہ “شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سنٹر” کی مفت خدمات کے سفر نے 51 ہفتے مکمل کر لئے۔ اس کا قیام 15 اکتوبر 2022 کو ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ نے “صحت مند نہٹور” کے تحت مہدی ولا میں کیا تھا۔