qaumikhabrein
Image default
ٹرینڈنگقومی و عالمی خبریں

نہٹور میں ہیلتھ والنٹیرس ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام

” شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر سے وابستہ والنٹیرس کو میں اس کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ گزشتہ 46 ہفتوں سے پابندی کے ساتھ شہریوں کو اپنی مفت خدمات فراہم کر رہے ہیں، اور غزال مہدی کو بھی میری طرف سے بہت بہت مبارکباد جنہوں نے نہٹور کے لوگوں کے لیے شوگر اور بلڈ پریشر کی جانچ، کاؤنسلنگ اور صحت سے متعلق بیداری کے لیے ایک دائمی مفت سنٹر قائم کر کے ایک ایسی پہل کی ہے جسکی مثال قرب و جوار میں نہیں ملےگی”۔ان خیالات کا اظہار کمیونٹی ہیلتھ سنٹر (CHC) کے انچارج ڈاکٹر آشیش کمار آریہ نے آج مہمان خصوصی کی حیثیت سے مہدی ولا میں “صحت مند نہٹور” کے تحت منعقدہ ایک روزہ “ہیلتھ والنٹیرس ٹریننگ ورکشاپ” کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سنٹر میں جانچ اور کاؤنسلنگ کے ذریعہ صحت سے متعلق بیداری کا کام دراصل محکمہ صحت کے لیے ایک بڑی مدد ہے۔ ڈاکٹر آشیش نے کہا کہ پچھلے 46 ہفتوں میں اس مفت جانچ سینٹر سے بھیجے گئے جتنے بھی مریض ہم تک پہنچیں ہیں، ہم نے ان سب کو دوائیں فراہم کی ہیں۔ ڈاکٹر آشیش نے “صحت مند نہٹور” کی مہم کے تحت جاری تمام پروگراموں میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ایم آئی انٹر کالج کے پرنسپل بلال زیدی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس ورکشاپ میں شمولیت سے والنٹیروں کی صحت سے متعلق بیداری کی سطح میں اضافہ ہوگا اور وہ معاشرے میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔

ریٹائرڈ پرنسپل شری چرن سنگھ شرما نے والنٹیروں کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ کی جانب سے “صحت مند نہٹور” کے تحت جانچ اورکاؤنسلنگ سینٹر کا قیام اور ہیلتھ والنٹیر ورکشاپ جیسے طبّی بیداری پروگراموں کو نہٹور تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایسے پروگرام دیگر علاقوں میں بھی شروع کئے جانے چاہییں۔
ورکشاپ کا انعقاد روڑکی میں مقیم ڈاکٹر وکاس تیاگی اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنیتا تیاگی نے دو سیشنوں میں کیا۔ پہلے سیشن میں انہوں نے والنٹیرس کو ڈایابیٹیز (شوگر)، بلڈ پریشر اور امیونائزیشن (ویکسینیشن) کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور اس پر سوال جواب کا دور چلایا۔ دوسرے سیشن میں انہوں نے ہر والنٹیر کو سی پی آر کی تربیت دی اور انہیں ربڑ کی ڈمی پر مشق کروائی۔ سی پی آر ایک ایمرجنسی طبی ٹکنیک ہے جس کے ذریعے کسی شخص کے سانس یا دل کی حرکت بند ہونے کی صورت میں اس کی جان بچائی جا سکتی ہے۔

شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر کے بانی اور منیجر غزال مہدی نے بتایا کہ اس ورکشاپ میں 54 رضاکاروں نے حصہ لیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر آشیش آریہ، ڈاکٹر وکاس تیاگی، ڈاکٹر سنیتا تیاگی، پرنسپل بلال زیدی اور پرنسپل چرن سنگھ شرما کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ان کے تعاون کی امید ظاہر کی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ورکشاپ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ سینٹر میں درجنوں افراد نے اپنے شوگر اور بلڈ پریشر کی سطح کی جانچ کی ۔

Related posts

ڈرائیور کا بیٹا ایک بار پھر بنا لندن کا میئر۔

qaumikhabrein

شاہ ولایت کی شان میں محفل نعت و منقبت

qaumikhabrein

پونچھ سیکٹر میں “حقیقی اسلام محورِ انسانیت”کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار۔

qaumikhabrein

Leave a Comment