ساٹھ بچوں کے باپ سردار حاجی جان محمد پورے سو بچوں کا باپ بننے کی تمنا رکھتے ہیں۔وہ اب تک تین شادیاں کر چکے ہیں اور چوتھی شادی رچانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انکے یہاں ساٹھویں بچے کی ولادت نئے سال کے پہلے روز ہوئی ہے۔سردار حاجی جان محمد کا تعلق پاکستان کے بلوچستان صوبے کے کوئٹہ شہر سے ہے۔ وہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں۔انکے کلینک سے ہی انکے بھرے پورے خاندان کا خرچ چلتا ہے۔یہ ساٹھ اولادیں انکی تین بیویوں کے بطن سے ہوئی ہیں۔
انکی پہلی شادی 1999 میں ہوئی تھی۔ انکی سب سے بڑی اولاد بیٹی ہے جسکی عمر 22 برس ہے ۔اس کا نام شگفتہ نسرین ہے۔انکی کئی بیٹیاں شادی کی عمر کو پہونچ چکی ہیں لیکن ابھی کسی کی شادی نہیں ہوئی ہے۔جان محمد یہ نہیں بتاتے کہ انکی کتنی بیٹیاں اور کتنے بیٹے ہیں بس یہ بتا دیتے ہیں کہ انکی اولادوں میں بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے۔انہوں نے اپنے 60 ویں بچے کا نام حاجی خوشحال خان رکھا ہے۔
کثرت اولاد انکی نگاہ میں اللہ کی رحمت ہے۔۔ سردار جان محمد کوئٹہ شہر کے ایسٹرن بائی پاس کے پاس رہتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ پہلے انکے گھر کا ماہانہ خرچ ایک لاکھ روپئے تھا لیکن جیسے جیسے بچوں کی تعداد اور انکی عمریں بڑھ رہی ہیں۔ اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔۔ ان کا کوئی بڑا کاروبار نہیں ہے اور فیملی کے سبھی اراکین کا اخراجات کلینک سے ہی پورے ہوتے ہیں۔ وہ اپنی تمام اولادوں کو تعلیم یافتہ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔