
ای این بی اے یعنی ایکسچینج فار میڈیا نیوز براڈ کاسٹنگ کا چودھواں ایڈیشن سنیچر کو دہلی میں منعقد کیا گیا جس میں نیوز ایٹین اردو نے لگاتار دوسری مرتبہ ای این بی اے ایوارڈ میں اپنی بادشاہت کو برقرار رکھتے ہوئے سال کے بہترین نیوز چینل کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ای این بی اے نے لگاتار دوسری مرتبہ نیوز ایٹین اردو کی جرات مندانہ صحافت کو سراہتے ہوئے اسے سال کا بہترین اردو نیوز چینل قرار دیا۔ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے نیوز ایٹین اردو کے سینئر ایڈیٹر تحسین منور نے اس اعزاز کا کریڈیٹ نیٹ ورک ایٹین کی پوری ٹیم کو دیا ۔ انہوں نے گروپ ایڈیٹر راجیش رینہ اور دیگرزمہ داروں کا ایڈیٹوریل ٹیم کو آزاد اور ایماندارانہ صحافت کیلئے چھوٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قومی میڈیا کی سبھی اہم شخصیت کی موجودگی میں تحسین منور نے اردو کے حوالے سے کہا کہ یہ زبان جوڑنے کا کام کرتی ہے توڑنے کا نہیں- اردو محبت کی زبان ہے- انہوں نے ای این بی اے کا انگریزی ہندی اور دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو زبان کی صحافت کو بھی سراہنے کے لئے شکریہ ادا کیا-