دہلی میں ورکنگ جرنلسٹ کلب کی جنرل باڈی کی میٹنگ میں کلب کے نئےعہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ نئے انتخاب کی ضرورت صدر عامر سلیم خان اور سلیم صدیقی کے انتقال کے بعد پیش آئی۔فرزان قریشی اور محمد احمد کو اتفاق رائے سے صدر اور جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ میٹنگ میں سلیم صدیقی اور عامر سلیم کو تعزیت پیش کی گئی۔
ورکنگ جرنلسٹ کلب کی جنرل باڈی کی میٹنگ کوچہ چیلان میں واقع حاجی ظہور اٹیچی والوں کے آفس میں ہوئی۔جس میں کلب کے صدر عامر سلیم خان اور سلیم صدیقی کے انتقال کے بعد نئے سرے سے کلب کےعہدیداران کا انتخاب ہوا۔ اس سے قبل حاجی ظہور اٹیچی والوں نے مرحوم عامر سلیم خان اور سلیم صدیقی کو تعزیت پیش کی۔انہوں نے کہا کہ سلیم صدیقی کلب کے بانی صدر تھے جن کے انتقال کے بعد عامر سلیم خان صدر بنے لیکن وہ بھی گزشتہ برس اس دنیا سے رخصت ہو گئے ۔ انہوں نے ہمیشہ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ صحافتی خدمات انجام دیں۔ اتفاق رائے سے محمد فرزان کو آئندہ دو سال کی مدت کے لئے کلب کا مستقل صدر جبکہ محمد احمد کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔
امیر امروہوی، احمد نعمان ، نریندر کمار ، منوج ٹنڈن اور محمد اویس کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ وسیع الرحمن عثمانی کو سکریٹری ، سید عینین علی حق کو جوائنٹ سکریٹری، گلزار احمد کو اسسٹنٹ سکریٹری اور محمد راحم کو خازن منتخب کیا گیا۔ان کے علاوہ محمد اکبر، محمد رامش، غفران آفریدی، قاسم شمسی، فضیل احمد اور سشما رانی کو کلب کی ایگزکٹیو کمیٹی کا ممبر منتخب کیا گیا۔میٹنگ میں کلب کے بینک اکاؤنٹ کو بحال کرنے کے لئے ضروری کاغذی کارروائی کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا ۔ کلب کایوم تاسیس آئندہ ماہ فروری میں منایا جائگا، جس کے لئے ایک کمیٹی قائم کیگئی۔۔میٹنگ میں سینئر صحافی شعیب رضا فاطمی نے بھی شرکت کی۔