
دہلی کے پرگتی میدان میں منعقدہ لائبریریز کا تین روز فیسٹول انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر کی مقبولیت میں اضافہ کا سبب بنا۔ سینٹر قیمتی اور نادر کتابوں اور قلمی نسخوں کو ڈجیٹل فارم میں محفوظ کرنے کا گراں قدر کام انجام دے رہا ہے۔ لائبریریز کے تین روز فیسٹول میں ایران کے اس ادارے نے اپنے کارناموں کو اپنے اسٹال پر پیش کیا تھا۔ جنہیں دیکھنے کے لئے شائقین بڑی تعداد میں اسٹال پر پہونچے۔

انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر نئی دہلی قدیمی وراثت پرمشتمل نایاب قلمی نسخوں کی تلاش اور ان کی مرمت کرکے خوبصورت کتاب کی شکل دینے اور ڈیجٹلائزیشن کے ذریعہ طویل مدت کے لئے محفوظ کرنے کی بے لوث خدمات انجام دے رہا ہے۔ پرگتی میدان میں ہونے والی کتابوں کی نمایش میں نور مائکرو فلم سینٹر کے اسٹال پر ہندو مذہب کی نصف درجن سے زیادہ مقدس کتابوں کے قدیم فارسی نسخوں کی جلدیں دیکھ کر شائقین حیران ہوئے۔اس اسٹال پر ہندو مذہب کے ان قدیم نایاب نسخوں کے فارسی تراجم بھی پیش کئے گئے تھے جو شاذ و نادر ہی نظر آتے ہیں۔



نمائش میں سناتن مذہب کی مقدس کتاب، بھگودگیتا(فارسی)،رامائن (اردو)،مہابھارت (فارسی)،وشنوپران( فارسی)، بھگودپران (فارسی) اورداراشکوہ کے ہاتھ سے لکھی مجمع البحرین(3جلد)کا فارسی ترجمہ جیسی نایاب کتابیں شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ ان تمام قدیم کتابوں کو نور میکرو فلم سینٹر نے ڈیجیٹل کرکے اصل کتاب کی شکل دی ہے۔ انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر بیس برس سے یہ خدمت انجام دے رہا ہے۔