بڑی لائبریریوں کو بچانے کے لیے ہمیں چھوٹی چھوٹی بچوں کی لائبریریاں قائم کرنا ہوں گی. جو قوم پڑھتی ہے وہ آگے بڑھتی ہے. ان خیالات کا اظہار اورنگ آباد میں جاری محلہ لائبریری تحریک کے سربراہ مرزا عبدالقیوم ندوی نے تاریخی شہر برہانپور میں کیا۔ وہ
شہرکی پانچ مساجد میں تنظیم المکاتیب کے زیر اہتمام دار المطالعہ و بچوں کی محلہ لائبریریوں کے افتتاح کے موقع پر حاضرین سے خطاب کر رہے تھے۔
اورنگ آباد اقراء اردو ہائی اسکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ مریم مرزا کی تحریک محلہ محلہ لائبریری کے تحت شہر و اطراف میں 32 بچوں کی لائبریریاں قائم ہوچکی ہیں جو بڑی کامیابی سے چل رہی ہیں اور ان چھوٹی چھوٹی لائبریریوں سے ہزاروں گلی محلوں، جھگی جھونپڑیوں میں غریب، مزدوروں کے بچے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مریم مرزا کا ایک ہی نعرہ ہے “جو قوم پڑھتی ہے وہ آگے بڑھتی ہے.” لائبریری کی ہر الماری پر لکھا ہے “پڑھئیے اور آگے بڑھئیے”.
اورنگ آباد کی طرز پر تاریخی شہر برہانپور میں بھی یہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ شہر کی پانچ بڑی مساجد میں علماء کرام کی سرپرستی میں یہ لائبریریاں شروع کی گئی ہیں۔.اس موقع پر جلگاؤں کے سنئیر صحافی مشتاق کریمی بھی موجود تھے۔.
برہانپور کی مسجد سلطانیہ راجپورہ ، مسجد ابو موسیٰ اشعری ۔ نعمت پورہ ،مسجد سکندر شاہی ۔نعمت پورہ. ، مسجد و مدرسہ حضرت نور شاہ صوفی ۔ سندھی پورہ اور جامع مسجد اسیر گڑھ میں بچوں کی یہ لائبریریاں قائم کی گئی ہیں۔
رپورٹ۔شیخ اظہر الدین