مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے اردو کے سرکردہ صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم کے حصے میں ایک اور ایوارڈ آیا ہے۔ مولوی محمد باقر کے نام سے قائم قومی ایوارڈ حاصٓل کرنے والے وہ پہے صحافی بن گئے ہیں۔ مہتاب عالم کو کانگریس کے سینئر رہنما رنکو ٹاك کی سالگرہ کے جشن کے موقع پر برہانپور میں منعقدہ کل ہند مشاعر ے کے موقع پر اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
برہانپور کے غالب میدان ،گلمہر مارکیٹ میں منعقدہ کل ہند مشاعرہ میں ملک کے ممتاز شعرا نے شرکت کی اور اپنے بہترین کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ ڈاکٹر فرید الدین قاضی نے پروگرام کے اغراض ومقاصد اور شہید مولوی محمد باقر نام سے ایوارڈ دئیے جانے کی وجہ تسمیہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر فرید الدین قاضی نے کہا 1857میں ملک کی آزادی کے لیے انگریزی حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف لکھنے پر میجر ہڈسن نے 16ستمبر 1857 کو توپ کے سامنے باندھ کر مولوی محمد باقر کو اڑا دیا تھا ۔ہمارا مقصد ملك کے آزادی کے لیے شہید ہونے والے جانباز صحافی شہید مولوی محمد باقر کی قربانیوں کو نہ صرف یاد کرنا ہے بلکہ نئی نسل کو ان کی عظیم خدمات سے واقف بھی کرانا ہے۔
شہید مولوی محمد باقر کے نام سے منسوب پہلا قومی ایوارڈ حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئےصحافی و ادیب ڈاکٹر مہتاب عالم نے کہا کہ مولوی محمد باقر کے نام سے ایوارڈ ملنا میرے لیے فخر کی بات ہے ۔اُردو صحافت نے ہر عہد میں مثالی کارنامہ انجام دیا ہے ۔ہمیں اس کارنامے کو نئی نسل تک پہنچانا کی ضرورت ہے۔