
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور انکے ساتھیوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کا غم تمام شیعی حلقوں میں منایا جارہا ہے۔ انہیں مختلف طریقوں سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ کہیں انکے ایصال ثواب کے لئے مجالس منعقد کی جارہی ہیں تو کہیں تعزیتی جلسے ہورہے ہیں تو کہیں قرآن خوانی کرکے اسکا ثواب انکی روحوں کو بخشا جارہا ہے لیکن کشمیر میں منفرد انداز میں شہیدان خدمت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ضلع بڈگام میں لوگوں نے شہیدان خدمت کی یاد میں خون عطیہ کیا۔

انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر شریعت آباد یوسف ؒ آباد بڈگام کے زیر اہتمام blood donations camp کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہدائے خدمت کے نام پر مؤمنین نے خون کا عطیہ دیا۔ شہدائے خدمت اور شہدائے جمہور ایران کے درجات کی بلندی کے لئے مرکزی أمام بارگاہ آیت اللہ آغا سید یوسف ؒ شارع فضل اللہ بمنہ میں لوگوں نے خون کا عطیہ دے کر شہدائے خدمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آغا ہادی الصفوی نے کہا کہ شہداء جو اپنا خون راہ خدا میں دیتے ہیں وہ کسی مقصد کے لئے دیتے ہیں مقصد جنتا بڑا اور بالا ہوگا خون کی اتنی ہی قدر و قیمت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسی امر کو مد نظر رکھتے ہوئے کشمیر کے لوگوں نے خون عطیہ کیا، تاکہ دنیا والوں کو ان شہداء کی قدر و قیمت معلوم ہو۔