کیا ایک ناریل بھی بد عنوانی کابھانڈہ پھوڑ سکتا ہے جی ہاں ۔۔ بی جے پی کے اقتدار والے اتر پردیش کے بجنور میں ایک ناریل نے ہی سڑک تعمیر میں ہوئی بد عنوانی اور گڑ بڑ کا بھانڈہ پھوڑا۔ قصہ کچھ اس طرح ہیکہ ریاستی پی ڈبلو ڈی محکمہ نے بجنور میں سات کلو میٹر لمبی ایک سڑک بنائی۔ اس سڑک کی تعمیر پر لاگت آئی ایک کروڑ سولہ لاکھ روپئے۔ سڑک کا افتتاح کرنے کے لئے پہونچیں صدر حلقے کی بی جے پی ایم ایل اے سوچی چودھری۔ سوچی چودھری نے ناریل پھوڑ کر سڑک کا افتتاح کرنا چاہا لیکن ناریل تھا کہ ٹوٹنے میں نہیں آیا البتہ تیسری مرتبہ جب سوچی چودھری نے ناریل کو سڑک پر پٹخا تو سڑک ٹوٹ گئی لیکن ناریل نہیں ٹوٹا۔
منظر دیکھ کر ایم ایل اے صاحبہ اور انکے حامیوں کے غصے کا پارہ ساتویں آسمان پر پہونچ گیا۔ سڑک تعمیر میں بد عنوانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایم ایل اے صاحبہ اسی ٹوٹی ہوئی سڑک پر اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنا پر بیٹھ گئیں۔ وہ تین گھنٹے تک دھرنا پر بیٹھی رہی۔ اور واقعہ کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئ۔ پی ڈبلو ڈی محکمہ میں ہنگامہ مچ گیا۔ ایم ایل اے کے دھرنا پر بیٹھنے کی خبر ڈی ایم کو ملی ۔وہ بھاگے بھاگے موقع پر پہونچے۔ تین گھنٹے کے بعد پی ڈبلو ڈی کے اہلکار آئے اور ٹوٹی ہوئی سڑک کے نمونے جانچ کے لئے لیکر گئے۔
ڈی ایم نے انکوائری کا حکم دیا۔ جانچ کے لئے ٹیم بنائی اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا یقین دلایا تب کہیں جاکر ایم ایل اے سوچی چودھری نے دھرنا ختم کیا۔ تو یہ حال ہے بی جے پی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی اقتدار والی ریاست اتر پردیش میں بد عنوانی کا۔