انٹر میڈیٹ کے کامیاب طلبا کی گائڈنس کے لئے بجنور کے وویک میڈیکل اینڈ انجینیرنگ کالج میں ایک سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سیشن کااہتمام “ شوگر اور بلڈ پریشر مفت جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر” نے کیا تھا.
گائیڈنس اور کاؤنسلنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (ہیپٹ) کے سکریٹری غزال مہدی نے کہا کہ قصباتی علاقوں میں ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ میں کامیاب طلباء کی گائیڈنس اور کاؤنسلنگ کے لئے تعلیم یافتہ لوگ آگے آئیں۔ اس سے طلباء کو صحیح کیریر کے انتخاب، اور اپنی علمی صلاحیتوں کو بہتر طور پر استعمال کرنے میں مدد ملے گی غزال مہدی نے کہا کہ تعلیم یافتہ لوگ اپنے اپنے علاقوں میں طلباء کی رہنمائی کے لئے اس طرح کے جلسے منظم کریں تاکہ خدمت خلق کا جذبہ پیدا ہو اور ایسے پلیٹ فارم تیّار ہوں جہاں بامعنی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ صحت کے میدان میں بھی بیداری پیدا کرنے کے لئے کام کیا جا سکے۔
وویک کالج میں منعقد اس جلسے میں نہٹور کے پچاس طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ یہ اس سال بایولوجی گروپ سے انٹر میڈیٹ امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔کالج کی انتظامیہ کی طرف سے اسسٹنٹ پروفیسر وشوا جیت سنگھ اور آپریشن مینیجر عروج زیدی نے طلباء کو اُن پیرامیڈیکل کورسز کے بارے میں تفصیل سے بتایا جو انکے ادارے میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب بی ایس سی نرسنگ میں داخلے کے لئے بھی نیٖٹ کے طرز پر پورے صوبہ اتر پردیش میں صرف ایک مشترکہ امتحان ہو گا جس میں حاصل شدہ نمبروں کے مطابق طالب علم کو کسی سرکاری میڈیکل کالج میں نشست الاٹ کی جائےگی یا پرائیوٹ میڈیکل کالج میں داخلہ مل پائے گا۔
اس سے قبل جانچ اور کاؤنسلنگ سینٹر، طلباء کے لئے اسی طرح کے اور بھی جلسے بھی منعقد کرچکا ہے جن میں جامعہ ملّیہ اسلامیہ، جامعہ ہمدرد، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی اور علاقائی میڈیکل اداروں جیسے تیرتھانکر مہاویر یونیورسٹی (ٹی ایم یو) مرادآباد اور جگمیت میموریل میڈیکل کالج، چاندپور میں دستیاب پیرا میڈیکل اور دوسرے کورسز کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سنٹر اکتوبر 2022 کو مہدی ولا، نہٹور میںقائم کیا گیا تھا۔ اس کی مفت خدمات سے اب تک سات سو سے زائد لوگ فائدہ اٹھا چکے ہیں اور تیس نوجوان اس سے وابستہ ہو کر ہیلتھ والنٹیر کے طور پر شوگر اور بلڈ پریشر جانچ جیسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔