وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ،کانگریس صدر سونیا گاندھی،اداکار اکشے کمار اور اداکارہ پرینکا چوپڑہ بہار کے ارول ضلع میں کورونا کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔ جی ہاں ملک کی ان نامی گرامی ہستیوں کے نام ارول کے ویکسین شدہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ان تمام ہستیوں نے ارول کے کارپی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پر ویکسین لگوائی تھی۔ ویکسینیشن پورٹل پر یہ فہرست اپ لوڈ کی گئی۔
یہ گڑ بڑ مرکزی وزیر صحت من سکھ مانڈویا کے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئی کہ ملک کی 85 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے۔ بہار کے ارول ضلع کے ریکارڈ کے مطابق یہ ہستیاں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ بھی کرا چکی ہیں۔ اس گڑ بڑ کا پتہ 27 اکتوبر کو ہی چل چکا تھا لیکن معاملے کو دبا دیا گیا تھا۔ گڑ بڑ کا بھانڈہ اس وقت پھوٹا جب دو ڈاٹا اینٹری آپریٹروں کو ہٹایا گیا ان میں سے ایک نے بتایا کہ ہیلتھ منیجر نے اس پر دباؤ ڈالا تھا کہ ویکسین لینے والے افراد کی اینٹری نام اور پتے کی جانچ کئے بغیر کردیں۔ مودی اور امت شاہ کو پورن اور دوہرا گاؤں کا رہنے والا بتایا گیا ہے جبکہ ان ناموں کے لوگ وہاں نہیں رہتے۔ نریندر مودی کے نام کے ساتھ جو فون نمبر درج کیا گیا ہے وہ ضلع بکسر کے ایک شخص کا ہے۔پرینکا چوپڑہ کے نام کے ساتھ جو فون نمبر درج ہے وہ ارول ضلع کے پراسی گاؤں کے ایک شخص کا نکلا۔