کیا آپ جانتے ہیں لبنان میں امریکہ کا جو نیا سفارتخانہ تعمیر ہو رہا ہے وہ کتنا بڑا ہے۔ نہیں معلوم تو ہم بتاتے ہیں۔ 43 ایکڑ اراضی پر محیط یہ سفارتخانہ وائٹ ہاؤس سے ڈھائی گنا زیادہ بڑا اور فٹبال کے 21 میدانوں کے برابر ہے۔ امریکہ کا نیا سفارتخانہ بیروت کے مرکز سے 13 کلومیٹر دور ہے۔ یہ اپنے آپ میں ہی ایک شہر لگتا ہے۔
یہ ایک جغرافیائی حقیت ہیکہ عرب ملک لبنان امریکی ریاست کنیٹیکٹ سے چھوٹا ہے اور اس کی آبادی صرف 60 لاکھ ہے۔ سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق عمارت میں ایک جدید کمپاؤنڈ ہے جس میں کئی منزلہ مختلف عمارتیں ہیں جن کی کھڑکیوں پر اعلیٰ معیار کے شیشے لگائے گئے ہیں۔کمپاؤنڈ میں تفریح کیلئے علیحدہ سے جگہ مختص ہے، دفاتر ہیں، اسٹاف کی رہائش کیلئے کوارٹر ہیں۔سفارتخانے کی تعمیر بیورو آف اوورسیز بلڈنگز آپریشن کر رہا ہے جس نے دنیا کے کئی ممالک میں امریکی سفارتخانے تعمیر کیے ہیں۔
لبنان میں امریکی سفارتخانے کی زیر تعمیر نئی عمارت کا وسیع و عریض رقبہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر لبنانی شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ امریکا کو ان کے دارالحکومت میں اتنے بڑے سفارتخانے کی کیا ضرورت ہے؟لبنان ایسا غربت زدہ ملک ہے کہ جسکی 80 فیصد آبادی خط افلاس کے نیچے زندگی بسر کرتی ہے۔
1983 میں بیروت میں امریکی سفارتخانہ پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 63 افراد ہلاک ہوئے تھے ان میں 52 لبنانی اور سفارتخانہ کے ملازمین شامل تھے۔ اسی لبنان کی حزب اللہ ایسی تنظیم ہے جسے امریکہ نے دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔