انمجن اہل قلم سے وابستہ ۵ ریسرچ اسکالر طالبات نے مختلف موضوعات پراردو میں تحقیقی مقالہ جات مکمل کئے ۔ جن کی بنیاد پرڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آبادکی جانب سے انھیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی ہیں ۔ صدر انجمن اہل قلم فردوس فاطمہ کی جانب سے تنظیم کے سرپرست و نوکھنڈہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر مخدوم فاروقی کے ہاتھوں پی ایچ ڈی کے مقالے مکمل کرنے والی اسکالرز کا استقبال کیا گیا ۔ ۔تعلیم نسواں خصوصاً لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا ہی انجمن اہل قلم کا بنیادی مقصد ہے ۔ ادبی ، سماجی ، فلاحی اور ملی شعبہ جات میں مختلف ٹھوس اور قابل ذکر اقدامات کے ساتھ ہی لڑکیوں کے گریجویش اور پوسٹ گریجویشن پر انجمن خصوصی توجہ دیتی رہی ہے ۔ مختلف موضوعات پر پی ایچ ڈی مکمل کرنے والی انجمن سے وابستہ ڈاکٹر شیخ شکیلہ بانو، ڈاکٹر شہباز زرین، ڈاکٹر نسیم فاروقی، ڈاکٹر نعیم اختر اور ڈاکٹر رعنا تبسم کا انجمن اہل قلم کی جانب سے ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار وومن میں منعقدہ ایک تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر مخدوم فاروقی نے پرتپاک استقبال کر کے مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر شیخ شکیلہ بانو نے ” قرۃ العین کے نمائندہ کردار ( ناولوں کی روشنی میں) ” موضوع پر اپنی تحقیق مکمل کی ۔ڈاکٹرنعیم اختر نے ” ذکیہ شہدی کے افسانوی مجموعوں کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ ” موضوع پر ، ڈاکٹر شہباز زرین نے” ترنم ریاض کی فکشن نگاری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ ” موضوع پر پروفیسر شرف النہار کی زیر نگرانی اپنے تحقیقی مقالہ جات مکمل کئے ۔ڈاکٹر رعناتبسم نے ڈاکٹر صدیق محی الدین کی رہنمائی میں” جانثار اختر کی شاعری کا تنقیدی مطالعہ ” مقالہ مکمل کیا ۔ اسی طرح ڈاکٹرنسیم فاروقی نے ” جدید اردو خواتین ناول نگار کے منتخب ناولوں میں سماجی مسائل کا تنقیدی جائزہ ” موضوع پر پروفیسر کیرتی مالنی جاولے کی زیر نگرانی تحقیقی مقالہ مکمل کیا ۔ اس موقع ڈاکٹر مخدوم فاروقی اور صدر انجمن اہل قلم فردوس فاطمہ رمضانی خان نے تمام ڈاکٹر طالبات کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔